شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ: سی ٹی ڈی کی زیر حراست تین دہشت گرد ہلاک
شمالی وزیرستان میں عیدک پل کے قریب سکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں سی ٹی ڈی کی زیر حراست تین ملزمان موقع پر ہلاک ہوگئے۔
محکمہ انسداد دہشتگردی پشاور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی کی ٹیم اور سکیورٹی فورسز انتہائی اہم ملزمان میرانشاہ سے بنوں لے کر جا رہے تھے کہ راستے میں بمقام عیدک پل پہلے سے گھات لگائے دہشت گردوں نے اچانک سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔
اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی کی، سرچ آپریشن کے دوران ایک حملہ آور دہشت گرد کی ڈیڈ باڈی ملی جبکہ باقی حملہ آور دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔
ہلاک دہشت گرد ناہید عرف باطور ولد شیر گل سکنہ ہرمز میر علی کا رہائشی ہے جس کے قبضے سے ایک عدد کلاشنکوف، تین عدد میگزین اور 60 عدد گولیاں برآمد ہوئیں۔
دہشت گردوں کی فائرنگ سے زیر حراست تین ملزمان موقع پر ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ملزمان میں غضیر اللہ عرف خراسان ولد سرور سکنہ افغان کلے ہمزونی، نگہت اللہ ولد عمر علی سکنہ کازہ مداخیل اور جنت ولی عرف ذوالفقار عرف تور ولد اعظم خان سکنہ حکیم خیل میر علی شامل ہیں۔
ہلاک دہشت گرد سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کو متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔ ان مقدمات میں ٹارگٹ کلنگ، سکیورٹی فورسز پر حملے، IED حملے اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی شامل ہے۔ دوران آپریشن ایک فوجی جوان بھی زخمی ہوا۔