مردان میں یتیم بچوں کی کفالت کے لیے آغوش ہوم کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا
عبدالستار
مردان میں 200 یتیم بچوں کی کفالت کے لٸے آغوش ہوم کا سنگ بنیادرکھ دیا گیا جس کی تعمیر پر 16 کروڑ روپے کی لاگت آٸے گی اور یہ منصوبہ دوسال میں مکمل کیا جاٸے گا۔
الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے تعاون سے قومی کرکٹ ٹیم کے سٹارکھلاڑی فخرالزمان اورسٹی میٸر مردان حمایت اللہ مایار نے الخدمت کے مرکزی صدر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن کے ہمراہ آغوش ہوم کا سنگ بنیاد رکھا۔
اس سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ملک بھر میں الخدمت فاونڈیشن کی فلاحی سرگرمیاں قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر زلزلہ، سیلاب، کورونا کی عالمی وباء اور دیگر قدرتی سانخات کے مواقعوں پر الخدمت نے بہت کام کیا ہے۔ اس موقع پر سٹی میٸر مردان حمایت اللہ مایار نے آغوش ہوم کی تعمیر کے لیے دس لاکھ روپے کا اعلان کیا، حمایت اللہ مایار اس سے قبل آغوش ہوم کے لٸے مایار روڈ پر واقع میونسپل کیمٹی کے 20 کنال اراضی کی الاٹمنٹ میں بھرپور کردار ادا کرچکے ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی فخرزمان نے مردان میں آغوش ہوم کے قیام کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوٸے کہا کہ اس کارخیر میں اہلیان مردان الخدمت کے ساتھ بھر پور تعاون کریں گے۔ فخر زمان نے کہا کہ یتیم بچوں کی کفالت ہمارا ملی اور دینی فریضہ ہے جس کے لٸے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے۔
الخدمت فاونڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر خالد وقاص اور دیگرمقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن پاکستان کی جانب سے آغوش ہوم کا قیام مردان کے عوام کیلئے ایک بڑا تحفہ ہے الخدمت فاونڈیشن انشاء اللہ 200 یتیم بچوں کو مفت رہائش, تعلیم و دیگر سہولیات مہیا کرے گی۔
اس موقع پر شرکاء کو آغوش ہوم مردان کے بارے میں بریفنگ دی گٸی اور مہمانوں کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کٸے گٸے۔