لائف سٹائل

ناروے: لنڈی کوتل کے رہائشی نے موٹر سائیکل پر ورلڈ ٹور کا آغاز کر دیا

ناروے میں مقیم پاکستانی نژاد ضیاءالدین شنواری نے ناروے کے شہر اوسلو سے اپنے موٹر سائیکل ‘لیو’ پر ورلڈ ٹور کا آغار کر دیا ہے۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں سیاحت کو فروغ دینے والے لنڈی کوتل کے 59 سالہ ضیاءالدین نے سوشل میڈیا کے ذریعے بتایا کہ وہ سیاحت سے محبت اور دنیا کے زیادہ سے زیادہ ممالک کی سیر کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہوائی جہاز اور بسوں کے ذریعے بیشتر ممالک کا دورہ کرچکے ہیں لیکن اس بار وہ اپنی موٹر سائیکل کے ساتھ پاکستان اور دیگر ممالک کی سیر کریں گے۔

شینواری نے کہا کہ سڑک کے ذریعے دنیا کی سیر کرنا ان کا خواب تھا اور انہوں نے سستی اور پرکشش سیاحت اور دوسروں کی حوصلہ افزائی کے لیے بائیک استعمال کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ اس مقصد کے لئے انہوں نے اوسلو میں بائیک رائیڈنگ، فوٹو گرافی اور ویڈیو گرافی کی کئ مہینوں پر محیط تربیت مکمل کی تاکہ وہ اپنے سفر کو پیشہ ورانہ انداز میں پیش کر سکے۔

ضیاءالدین نے بتایا کہ وہ پاکستان کے ہر تاریخی اور سیاحتی مقام کا دورہ کریں گے جہاں وہ پاکستان کی سافٹ پہلو دنیا کو پیش کرنے اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے اپنے ویلاگ شوٹ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے انہوں نے یورپی اور مشرقی ایشیائی ممالک کی سیر کی تھی لیکن انہیں زیادہ مزہ نہیں آیا تاہم یہ طویل بائی روڈ ٹور ان کی زندگی میں غیر معمولی ہوگا۔

شینواری ناروے سے سویڈن، ڈنمارک، جرمنی، جمہوریہ چیک، سلوواکیہ، ہنگری، سربیا، رومانیہ، بلغاریہ، ترکی، ایران، افغانستان سے ہوتے ہوئے پاکستان میں داخل ہوں گے جبکہ وہ ہر ملک میں 6 دن قیام کریں گے جہاں وہ فلم بندی کرکے ان کے چاہنے والوں کے ساتھ شئیر کریں گے۔

علاوہ ازیں وہ نیپال، بنگلہ دیش، سری لنکا اور دیگر ملحقہ ممالک کا دورہ کرنے کا بھی منصوبہ بنا رہے ہیں۔

پاکستانی نارویجن بائیکر نے کہا کہ وہ پاکستانی بائیکرز سے رابطے میں ہیں اور جب وہ پاکستان پہنچیں گے تو ان سے ملاقات بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی بائیکرز کے ساتھ وہ پشاور، ضلع خیبر، چترال، ہنزہ، کالام، سوات، مری، گلیات، لاہور، کشمیر، ملتان میں تاریخی اور سیاحتی مقامات کا جائزہ لیں گے۔

Show More

Salman

سلمان یوسفزئی ایک ملٹی میڈیا جرنلسٹ ہے اور گزشتہ سات سالوں سے پشاور میں قومی اور بین الاقوامی میڈیا اداروں کے ساتھ مختلف موضوعات پر کام کررہے ہیں۔

متعلقہ پوسٹس

Back to top button