لائف سٹائل

یوم مزدور، نوشہرہ کا احمد علی ہمت اور جرات کی زندہ مثال

سید ندیم مشوانی

آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں مزدوروں کا عالمی دن منایا جارہا ہے تاہم غربت، بے روزگاری، مہنگائی اور کم اجرت نے مزدوروں کی حالت مزید خراب کردی ہے۔
نوشہرہ ڈسٹرکٹ کورٹ میں کئی سالوں سے سبز قہوہ فروخت کرکے اپنے گھر کی کفالت کرنے والا نوجوان احمد علی چھ سال کی عمر سے یہ کام کررہا ہے، احمد علی مزدوری کرکے سات افراد پر مشتمل خاندان کی کفالت کررہا ہے، وہ اپنے خاندان کا واحد کفیل ہے۔

ٹی این این کے ساتھ بات چیت کے دوران احمد علی نے بتایا کہ وہ شوگر کا مریض ہے اور اسکی ایک بیٹی بھی شدید بیمار ہے لیکن پھر بھی اپنے گھر والوں کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے محنت کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں غریب کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، سیاستدان اور علاقے سے منتخب نمائندے صرف انتخابات کے دنوں میں ان سے ووٹ مانگنے آتے ہیں اور پھر ایسے غائب ہوجاتے ہیں کہ سالوں دکھائی نہیں دیتے۔

احمد علی نے مزید بتایا کہ رہی سہی کسر مہنگائی نے پوری کردی ہے، حکومت عوام کو مفت آٹا تو دے رہی تھی لیکن اس میں بھی کئی لوگ محروم رہ گئے اور انکو بھی کافی دور ملا۔ احمد علی نے کہا کہ آجکل کے دور میں مزدور کے لیے دو وقت کی روٹی کمانا بھی مشکل ہوچکا ہے ایک تو مزدوری نہیں ملتی اور پھر جو پیسے مل جاتے ہیں اس سے گزارہ نہیں ہوپاتا البتہ عدالت میں موجود وکلاء انکی بہت مدد کرتے ہیں جس کی وجہ سے انکے گھر کا چولہا جلا رہتا ہے۔

احمد علی کا کہنا ہے کہ یوم مئی مزدوروں کا عالمی دن ہے اس کو اس بارے میں بس اتنی معلومات ہے کہ اس دن مزدوری کی چھٹی ہوتی ہے، اس کے پاس یہ کل سرمایہ ایک تھرموس اور پلاسٹک کی بالٹی ہے الحمد اللہ محنت مزدوری کرکے زندگی کے شب و روز گزار رہا ہے صرف شکوہ حکومت اور منتخب نمائندوں سے ہے جو ان کا حق نہیں دیتے۔

دوسری جانب نگران صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات بیرسٹر فیروز جمال کاکا خیل نے کہا ہے کہ نگران حکومت مزدور دوست بجٹ لارہی ہے مزدور اور محنت کش طبقہ کا معاشی استحصال ختم کئے بغیر اسلامی فلاحی ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ یکم مئی کے حوالے سے ٹی این این کے ساتھ خصوصی بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ اسلام نے مزدور کی عزت نفس اور روزگار کی ضمانت دی ہے۔ سیاسی جماعتوں کے درمیان مزاکرات ہی مسائل کا حل ہے پورے ملک میں ایک ساتھ ایک ہی دن الیکشن ہی سیاسی بحران کا واحد حل ہے۔ اللہ تعالیٰ نے مزدور کو اپنا دوست قرار دیا ہے، حکم ہے کہ مزدور کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے اس کی اجرت ادا کی جائے، تحریک انصاف کی دس سالہ حکومت نے دونوں ہاتھوں سے قومی خزانہ لوٹا صوبہ میں تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے بھی رقم نہیں محدود وسائل کے باوجود صحافیوں کی معاشی معاونیت فلاح و بہبود کرتے رہے گئے۔

انہوں نے کہا کہ غریب کو بحرانوں سے نجات دلانے کے لیے مستقل بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button