سیاست

قبائلی اضلاع میں 65 فیصد علاقے کو بارودی سرنگوں سے پاک کر دیا ہے ، آئی ایس پی آر

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ فوج نے دہشت گردی سے متاثرہ خیبر پختونخوا کے ضم اضلاع میں 65 فیصد علاقے کو بارودی سرنگوں سے پاک کر دیا ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں 162 ارب روپے کے مختلف منصوبے شروع کیے گئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 13 سالوں میں صرف جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ دھماکوں کے 178 واقعات میں 8 سو افراد ہاتھ سے جان دھو بیٹھے ہیں۔ ان واقعات میں 250 بچے اپاہج بن چکے ہیں، 77 افراد کی بینائی چلی گئی ہے جبکہ 4000 کے قریب جانور مرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بارودی سرنگوں کا نشانہ بننے والی قبائلی خواتین

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل احمد شریف نے کہا کہ پریس کانفرنس کا مقصد دہشت گردی کے خلاف فوج کی اقدامات کا احاطہ کرنا ہے جبکہ پاکستان میں رواں سال دہشت گردی کے436 واقعات رونما ہوئے جن میں 293 افراد شہید، 523 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔

ان کے بقول رواں سال سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں اور اُن کے سہولت کاروں کے خلاف 8269 چھوٹے بڑے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے ۔اس دوران لگ بھگ 1535 دہشت گردوں کو واصل جہنم یا گرفتار کیا گیا۔دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنےکے لیے روزانہ کی بنیاد پر 70سے زائد آپریشنز افواج پاکستان، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے انجام دے رہے ہیں۔

پشاور پولیس لائنز دھماکے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پشاور پولیس لائنز مسجد میں حملہ ٹی ٹی پی کے احکامات کے بعد جماعت احرار کے رکن نے کیا جبکہ خودکش حملہ آور کا تعلق افغانستان سے تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے شکار علاقوں میں اب اقتصادی سرگرمیاں جاری ہیں جس کے تحت خیبر پختونخوا میں 162 ارب روپے کے مختلف منصوبے شروع کیے گئے جبکہ دہشت گردی سے متاثرہ 95 فیصد آبادی بھی اپنے گھروں کو آچکی ہے، آرمی میڈیکل کالجز میں 1292 طلبہ زیرتعلیم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جو جنگ لڑی اس کی نظیر نہیں ملتی، دہشت گردی کےخلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

سوشل میڈیا پر ہونے والے تنقید سے متعلق سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہر شخص اپنی رائے اور تجزیے کا حق رکھتا ہے،  آرمی چیف اس بات اعادہ کرتے ہیں کہ اصل طاقت کا محور عوام ہیں، ہمارے لیے تمام سیاسی جماعتیں قابل احترام ہیں، پاکستان کی فوج قومی فوج ہے، ہم کسی خاص سیاسی جماعت یا نظریے کی طرف راغب نہیں۔

Show More

Salman

سلمان یوسفزئی ایک ملٹی میڈیا جرنلسٹ ہے اور گزشتہ سات سالوں سے پشاور میں قومی اور بین الاقوامی میڈیا اداروں کے ساتھ مختلف موضوعات پر کام کررہے ہیں۔

متعلقہ پوسٹس

Back to top button