دریا برد ہونے والی سڑک ٹریفک کے لئے بحال، سیاح عید کے موقع پر کمراٹ جاسکتے ہیں
ناصر زادہ
دیر بالا میں تین روز سے جاری بارشوں کا سلسلہ تھم جانے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے طغیانی میں بہہ جانے والی وادی کمراٹ سڑک کو ٹریفک کے لئے بحال کر دیا جس کے تحت سیاح عید کے موقع پر وادی کمراٹ کے دلکش نظاروں سے لطف اندواز ہوسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ موسلادھار بارش اور دریائے کمراٹ میں طغیانی کے باعث کمراٹ سڑک باڈا کے مقام پر دریا برد ہوا تھا جس کی وجہ سے کمراٹ کا دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر دیربالا گوہر زمان نے کہا کہ سڑک بحالی کے بعد عید کے موقع پر سیاح وادی کمراٹ اور دیر بالا کے دیگر سیاحتی مقامات کا وزٹ کرسکتے ہیں جہاں ضلعی انتظامیہ سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔
ٹی این این سے بات کرتے ہوئے ڈی سی گوہر زمان کا کہنا ہے کہ وادی کمراٹ کا دیگر علاقوں سے رابطہ بحال کرنا ایک چینلج تھا تاہم ضلعی انتظامیہ اور پی کے ایچ اے نے دن رات محنت کرکے اس مشکل کام کو یقینی بنایا۔ ان کے بقول مذکورہ سڑک پر 24 گھنٹے مشنری موجود ہے جبکہ جن جگہوں پر لینڈسلائیڈنگ ہوئی تھی ان کو کلئیر کردیا ہے۔
یاد رہے کہ اگست 2022 کے سیلاب نے وادی کمراٹ کے مین سڑک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا تھا اور وہاں سینکڑوں سیاح پھنس گئے تھے جن کو بعد میں آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ وادی کمراٹ دیر بالا میں سیاحت کا حب سمجھا جاتا ہے جہاں ہر سال ملک بھر سے عید اور موسم گرما میں لاکھوں کی تعداد میں سیاح آتے ہیں جبکہ سیاحوں کی کثیر تعداد میں آمد سے مقامی لوگوں کا کاروبار بھی وابستہ ہے۔
ادھر وادی کمراٹ کے ہوٹل مالکان نے ضلعی انتطامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر ان کے ہوٹل کھلے رہیں گے۔ وادی کمراٹ میں ایک مقامی ہوٹل کے مینجر طارق خان نے ٹی این این کو بتایا ہم پہلے ہی سے سیلاب کی وجہ سے متاثر ہوگئے تھے جبکہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے سڑک بندش کے باعث ہمیں ایک مرتبہ پھر پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تاہم سڑک کی بحالی ہمارے لئے ایک اچھا اقدام ہے کیونکہ یہاں درجنوں ہوٹلز مالکانان کا کاروبار سیاحت سے جڑا ہے۔
ادھر مقامی شخص امجد علی نے بتایا کہ سیاح کمراٹ آتے وقت اپنے ساتھ گرام کپڑے ضرور لائے تاکہ رات کے وقت سردی سے محفوظ رہے جبکہ سیاح تھل تک چھوٹی گاڑیوں میں سفر کرسکتے ہیں تاہم تھل سے اوپر چھوٹی گاڑیوں کا جانا مشکل ہے اس لئے وہ تھل میں مقامی ٹرانسپورٹرز کی گاڑیوں سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔
دوسری جانب پولیس انتظامیہ نے بھی عید کے موقع پر سیاحون کے لئے سکیورٹی پلان جاری کر دی ہے۔ ڈی پی او دیر بالا مشتاق احمد کے مطابق تمام ٹریفک پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ عید کے موقع پر سیاحون کو چلان نہ کیا جائے اور جتنا ممکن ہوسکے سیاحوں کو سہولیات دی۔
ان کے مطابق دیر بالا میں امن و امان کی صورتحال بھی بہتر ہے جبکہ سیاح دیر بالا میں بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے علاوہ ہر جگہ نقل و حرکت کرسکتے ہیں۔