سیاست

پنجاب کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی فوری انتخابات کا حکم دیا جائے، پی ٹی آئی سپریم کورٹ پہنچ گئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبرپختونخوا میں انتخابات کے معاملے پر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

سابق اسپیکر  خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی نے درخواست بیرسٹرگوہرکی وساطت سے دائر کی ہے جس میں الیکشن کمیشن اور گورنرکے پی کو فریق بنایا گیا ہے۔  درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ گورنر خیبرپختونخوا یکم مارچ کے عدالتی حکم  پر عمل نہیں کر رہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے میں انتخابات کے لئے میڈیا پر 28 مئی کی تاریخ کا اعلان کیا تھا لیکن بعد میں مکر گئے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ آئین کے مطابق اسمبلی تحلیل کے بعد 90 دن کے اندر انتخابات ضروری ہیں، سپریم کورٹ گورنرکے پی کو انتخابات کی تاریخ کا حکم دے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا (کے پی) میں الیکشن کے التوا سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کا 8 اکتوبر کو الیکشن کرانے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پنجاب میں 14 مئی کو الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔

سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں انتخابات کے لیے گورنر کی طرف سے عدالت میں نمائندگی نہیں کی گئی۔ خیبرپختونخوا میں الیکشن کی تاریخ کے لیے متعلقہ فورم سے رجوع کیا جائے، کے پی میں انتخابات کے لیے درخواست گزار عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ گورنر غلام علی نے خیبرپختونخوا میں الیکشن کے لئے الیکشن کمیشن کو 28 مئی کی تاریخ دینے کے چند دن بعد ہی یوٹرن لیا تھا اور الیکشن کمیشن کے نام ایک خط لکھا تھا جس میں 28 مئی کو انتخابات نہ کرنے کی سفارش کی تھی۔ گورنر نے خط میں صوبے میں بڑھتی ہوئی بد امنی، سیکیورٹی فورسز کی عدم دستیابی، ملک کی معاشی حالات، نئی مردم شماری سمیت مختلف وجوہات کی بنا پر الیکشن ملتوی کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button