پشاور: ہزارخوانی میں مفت آٹے کے ٹرک پر دھاوا، شہری تھیلے لے گئے
عثمان دانش
پشاور کے علاقے ہزارخوانی میں عوام نے مفت آٹے کے ٹرک پر دھاوا بول دیا جس کے باعث آٹے کی تقیسم کا عمل بدںظمی کا شکار ہو گیا۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں جن میں مشتعل عوام آٹے سے بھرے ٹرک پر چڑھ کر بدنظمی کا مظاہرہ کرتے زبردستی آٹا چھیننے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
پولیس کے مطابق ہزار خوانی میں 10 ہزار تک لوگ مفت آٹا لینے کے لئے جمع ہوئے تھے جبکہ انتظامیہ نے ان کے لئے دو ٹرک مفت آٹا بھجوایا تھا اور مزید ٹرک آ رہے تھے تاہم مشتعل عوام کی بدنظمی کے باعث آٹے کی تقسیم کا عمل متاثر ہوا۔
واضح رہے کہ مفت آٹے کی تقسیم میں بدنظمی کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے پہلے پشاور، مردان، چارسدہ، ڈی آئی خان اور دیگر اضلاع میں بھی مفت آٹے کی تقسیم کے دوران بدنظمی کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں 57 لاکھ گھرانوں کو مفت آٹا کیسے ملے گا؟
دوسری جانب ہزارخوانی مرکز میں موجود عینی شاہد عارف کا کہنا تھا کہ لوگ صبح سویرے مفت آٹے کے حصول کے لئے مرکز آئے تھے تاہم انٹری کرنے والے سٹاف کی کمی کی وجہ سے لوگوں نے بے صبری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرک پر دھاوا بول دیا جس سے اس طرح کی صورتحال پیدا ہو گئی۔
عارف کے مطابق بدںظمی کے دوران جس کے ہاتھ میں آٹے کے جتنے بھی تھیلے آئے وہ ساتھ لے گئے جبکہ لوگ اتنے زیادہ تھے کہ پولیس بھی ان کو روکنے میں ناکام رہی۔
ادھر انتظامیہ نے مخلتف مراکز میں مفت آٹے کی تقسیم کے لئے ایس او پیز بنائے ہیں تاہم آٹا پوائنٹس پر لوگوں کے رش کی وجہ سے ایس او پیز پر عمل کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
ایس او پیز کے مطابق مفت آٹا لینے کے لئے مرکز داخل ہونے والے ہز شخص کی انٹری کی جائے گی اور اپنی باری پر اس کو آٹا ملے گا تاہم مفت آتا مراکز میں عوام کی جانب سے ایس او پیز پر عمل کرنا بہت کم دیکھنے کو ملتا ہے۔
واضح رہے کہ کل وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ پشاور متوقع ہے جس میں وہ ہزار خوانی اور حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں قائم مفت آٹا پوائنٹس کا دورہ کریں گے اور تمام تر انتظامات کا جائزہ لیں گے۔