سیاست

امریکی سفیر کا خیبر پختونخوا کے شاندار ثقافتی ورثہ کی تعریف، باہمی شراکت کو مضبوط بنانے پر زور

اسلام آباد میں متعین امریکی سفیر ڈونلڈ بَلوم  نے  28 فروری سے دو مارچ کے درمیان خیبر پختونخوا کادورہ کیا جس کا مقصد معاشی نمو، تعلیم، سلامتی اور ثقافتی تحفظ سے متعلق اقدامات کرتے ہوئے صوبہ کے عوام کے ساتھ امریکہ کی شراکت کو مزید مضبوط کرنا تھا۔

امریکہ اور پاکستان کے درمیان معاشی شراکت کی مضبوطی کے اقدامات کے تحت سفیر بلَوم اور صوبائی سیکریٹری برائے منصوبہ بندی و ترقی شاہ محمود خان نے  دو کروڑ 40 لاکھ ڈالر پر مبنی امریکی معاونت سے ایک منصوبہ کا افتتاح کیا جس کے تحت شعبہ زراعت اور چھوٹے اور درمیانہ درجہ کےتجارتی اداروں کو مضبوط اور جدید خُطوط پر استوار کرنے پر کام کیا جائے گا۔ اس موقع پر سفیر بلَوم نے  ایف ایف اسٹیل میں کاروباری شخصیات سے ملاقات کے دوران صوبہ میں  کاروبار اور تجارتی سرگرمیوں سے وابستہ ماحولیاتی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

تعلیمی سرگرمیوں کو اُجاگر کرتے ہوئے سفیر بَلوم نے عبدالولی خان یونیورسٹی مردان میں انگلش ورکس پروگرام کا افتتاح کیا۔

واضح رہے کہ امریکہ مردان اور چارسدہ میں انگریزی زبان میں روانی اور دیگر  پیشہ ورانہ مہارتوں کی تربیت کے لیے خیبر پختونخوا کے 215 طالبعلموں کو وظائف فراہم کر رہا ہے۔  2019 سے لیکر اب تک امریکہ نے کے پی میں انگریزی زبان کی تعلیم کے لیے 30 لاکھ ڈالر سے زیادہ معاونت فراہم کی ہے جس سے  صوبہ کے ساڑھے تین ہزار طالبعلموں اور اساتذہ نے استفادہ کیا ہے۔

سفیر بَلو م نے اکبرپورہ میں امریکی حکومت کے تعاون سے بحال ہونے والے ایک ثانوی سکول کا افتتاح بھی کیا۔ یہ  اسکول 2010 کے تباہ کُن سیلاب سے متاثر ہوا تھا۔ ریاستہائے متحدہ امریکہ نے سکول کی تعمیر نو پر 15 لاکھ ڈالر خرچ کیے ہیں، وہاں پر پچاس اساتذہ ملازمت کرتے ہیں اور 11 سو  طالبعلم زیر تعلیم ہیں۔

مزید برآں، سفیر نے ایک لڑکیوں کے سکول کا بھی دورہ کیا جہاں پر امریکی حکومت کی اعانت سے  افغان مہاجرین اور میزبان آبادیوں کے  بچیوں کے داخلہ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ امریکی حکومت کی جانب سے افغان مہاجرین اور اُن کی میزبان آبادیوں کے  لیے  2022 میں  فراہم کی جانے والی چھ کروڑ ڈالر کی معاونت کا حصہ ہے۔

امریکی سفیر نے تاریخی قلعہ بالاحصار میں فرنٹیئر کور کے پی شمالی کے میجر جنرل سے ملاقات کی اور نئے ضم ہونے والے اضلاع میں  امریکی حکومت کے تعاون سے آٹھ مشترکہ چیک پوسٹوں کی تعمیر کا بھی افتتاح کیا۔

دوسرے روز سفیر بلَوم نے  انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا  پولیس اختر حیات خان سے ملاقات کی اور کے پی پولیس اور ان کو حاصل سہولیات میں امریکی معاونت سے متعلق بات چیت کی۔ سفیر نے پشاور کی مسجد میں 30 جنوری کو ہونے والے بم دھماکہ میں اہلکاروں اور عام شہریوں کی اموات پر بھی تعزیت کا  اظہار اور خیبر پختونخوا پولیس کی بہادری کو سراہتے ہوئے اُن سے اظہار تشکر  کیا۔

سفیر بلَوم کا دورہ خیبر پختونخوا میں ثقافتی سرگرمیوں پر اختتام پذیر ہوا،  جس میں پشاور  کے مرکز میں مسجد مہابت خان کا دورہ بھی شامل تھا۔ واضح رہے کہ 2002 سے 2003 کے دوران امریکہ نے  مغلیہ دور کی اس مسجد کی زیریں دیواروں کی تزئین و آرائش کے لیے 16 ہزار ڈالر کی اعانت فراہم کی تھی۔

امریکی سفیر کھانوں اور ثقافتی روایتوں کی پذیرائی کرنے والے مشہور  شاہ جی کے ساتھ  ایک مقامی طعام گاہ  پر ملاقات کے دوران کے پی کے مقامی پکوانوں سے بھی لُطف اندوز ہوئے۔ اپنے دورے کے اختتام پر  انہوں نے خواتین کے حقوق کی تاریخ کے مہینے کے افتتاح کی نسبت سے قونصل خانہ میں منعقد ہونے والی ایک فلم کی نمائش میں تبادلہ پروگراموں کے ایلومنائی کا خیر مقدم کیا۔ یہ  سرگرمیاں رواں ماہ کے اختتام تک جاری رہیں گی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button