بلاگزلائف سٹائل

بھائی بہن: انمول انوکھا اور نرالا رشتہ

رعناز

ترکی میں آنے والے حالیہ زلزلے کے حوالے سے ایک تصویر سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہو ئی جس میں ایک بہن اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر اپنے چھوٹے بھائی کو بچاتی نظر آرہی ہے۔ اپنا ہاتھ بھائی کے سر پر رکھے ہوئی ہوتی ہے تاکہ اسے کوئی چوٹ نہ لگے۔واہ یہ ہے بھائی بہن کا انمول اور نرالا رشتہ!

میرا کوئی بھائی تو نہیں ہے لیکن پھر بھی میں اس خوبصورت اور بے لوث رشتے کے بارے میں لکھنا چاہتی ہوں۔ یہ رشتہ نہایت ہی خوبصورت ،پیار، عزت اور احترام کا رشتہ ہوتا ہے۔ یہ ایک خلوص اور محبت سے بھرا ہوا رشتہ ہوتا ہے۔ خوشی ہو یا غم اس میں بھائی اور بہن ایک دوسرے کا ساتھ دینا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ یہ رشتہ اللہ تعالی کی طرف سےدیا ہوا نہایت ہی نایاب اور قیمتی تحفہ ہے۔

ماں باپ کے بعد سب سے خوبصورت ،طاقتور اور پر خلوص رشتہ بھائی بہن کا رشتہ ہوتا ہے۔ ایک ایسا رشتہ جو کسی بھی بھید بھاو کے بغیر ایک دوسرے سے ہمیشہ جڑا ہوتا ہے۔ یہ رشتہ وقت اور فاصلوں کا محتاج نہیں ہوتا۔ نا یہ دور رہنے سے کم ہوتا ہے نہ پاس رہنے سے زیادہ ہوتا ہے۔ اس رشتے کا آغاز پیدائش کے ساتھ شروع ہوتا ہے اور زندگی کی آخری سانس تک تاحیات رہتا ہے۔ یہ ایک نہ ٹوٹنے والی ڈور ہے جو کہ اگر ٹوٹتی ہے تو صرف اور صرف سانسوں کے ٹوٹنے کے ساتھ۔ بھائی بہن کا رشتہ حقیقت پر مبنی ہوتا ہے۔ جس میں کوئی دکھاوا نہیں ہوتا۔

بھائی بہن دونوں ایک دوسرے سے بے حد محبت کرتے ہیں اور وہ بھی بہت انوکھے اور نرالے انداز میں! بہنوں کے پیار کا انداز کچھ یوں ہوتا ہے کہ اگر والدین ان کے بھائیوں کو ڈانٹنا چاہے تو یہ انہیں بچانے کے لیے ڈھال بن جاتی ہے۔ بھائیوں کے بکھرے ہوئی کمرے کو ٹیکچ کرتی ہیں۔

اسی طرح بھائیوں کا پیار بھی کافی نرالا ہوتا ہے۔ مثلا ًبھائی بہنوں کو تنگ کرکے اپنی محبت جتاتے ہیں، کبھی چوٹی پکڑ کر کھینچ لیتے ہیں تو کبھی بہنوں کی گڑیا چرا کے انہیں تنگ کیا جاتا ہے ،دونوں چھوٹی چھوٹی باتوں پر لڑ پڑتے ہیں اور خود ہی مان بھی جاتے ہیں یا کبھی بازار سے کہانیوں والی کتاب لاکر دینے سے بہنوں کی ناراضگی دور کی جاتی ہے۔

اکثر بہنوں کو گڑیا بہت پسند ہوتی ہے لیکن بھائیوں کے لیے گڑیا تو ان کی بہن ہی ہوا کرتی ہے جسے وہ اپنے دل میں بسا کر رکھتے ہیں۔ بھائی اپنی بہن پر آنچ بھی آنے نہیں دیتے۔ دونوں میں سے کوئی ایک بھی تکلیف میں ہو تو دوسرا اس کے لئے تڑپ جاتا ہے۔ بھائی بہن کا یہ رشتہ شبنم کی بوندوں کی طرح پاک اور شفاف ہوتا ہے۔ پل میں لڑنا پل میں راضی ہو جانا کتنا کٹھا میٹھا پیارا رشتہ ہے نا۔ بھائی ہو یا بہن دونوں اپنی پیاری باتوں سے گھر میں خوشیاں بکھیرتے رہتے ہیں۔ اگر بہن بھائیوں کے لیے قربانی دیتی ہے تو بھائی بھی اپنے تمام فرائض سر انجام دینے میں کوئی کوتاہی نہیں کرتے۔

جب بچپن سے جوانی آتی ہے تو بھائیوں کی اپنی بہنوں سے محبت غیرت بن جاتی ہے ۔ہمیشہ اپنی بہنوں کی حفاظت کے لیے کھڑے ہوتے ہیں۔اگر میں یہ کہوں کہ ایک بہن کے لئے بھائی کا ہونا اس کے سر پر چادر کے ہونے کی مانند ہوتا ہے تو غلط نہیں ہوگا۔ بڑا بھائی بہن کے لئے باپ کی طرح ہوتا ہے کیونکہ وہ شفقت اور محبت کے حوالے سے مثل والد ہوتا ہے۔ اسی طرح چھوٹا بھائی اولاد کی طرح ہوتا ہے۔ اگر ہم بات کریں بہنوں کے بارے میں تو بڑی بہن بھائی کے لئے ماں کی مانند ہوتی ہے اور چھوٹی بہن بیٹی کی طرح، بھائی بہن کا رشتہ ایک ایسا رشتہ ہوتا ہے جس میں ایک دوسرے کو پیار نہیں جتایا جاتا۔دونوں کی محبت امر ہوتی ہے جس کی کوئی مثال نہیں دی جا سکتی۔

اگر بھائی کو کچھ ہو جائے تو بہن رونے لگتی ہے اور اگر بہن کو کچھ ہو جائے تو بھائی تڑپ اٹھتا ہے۔ دونوں ایک دوسرے کا سرمایہ ہوتے ہیں۔ دونوں ایک ساتھ اٹھتے بیٹھتے،لڑتے جھگڑتے، سوتے جاگتےاور ہنستے بولتے ہیں۔

غرض بھائی جیسے بھی ہو بہنوں کا مان ہوا کرتے ہیں۔ ان کا ہر رویہ بہنوں کے لیے محبت کی مانند ہوتا ہے۔ اسی طرح بہنیں جیسی بھی ہوں بھائیوں کی ماں، شان اور عزت ہوا کرتی ہیں۔ اختتام اس دعاپر کرلیتے ہیں کہ اللہ تعالی ہر بھائی بہن کا ساتھ بنائے رکھے اور پیار برقرار رکھے۔آمین

رعناز ٹیچر اور کیپس کالج مردان کی ایگزام کنٹرولر ہیں اور صنفی اور سماجی مسائل پر بلاگنگ بھی کرتی ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button