خیبرپختونخوا : گورنر نے نگراں وزیراعلی کے لئے مزید 4 مشیروں کا تقرر کر دیا
گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان کے لیے 4 مزید مشیروں کا تقررکردیا، جس کے بعد صوبائی مشیروں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ کی سفارش پر جن 4 مشیروں کا تقرر کیاہے، اُن میں سید جعفر حسین بخاری کو بہبودی آبادی ،ظفر محمود کو سیاحت وثقافت،رحمت سلام خٹک کو ابتدائی وثانوی تعلیم جب کہ ڈاکٹر عابد جمیل کو صحت کے محکمے کا قلمدان حوالے کیاگیا ہے ۔
داخلہ اور اطلاعات کے محکمے بدستور نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان ہی کے پاس رہیں گے ۔ آئینی طور پر نگراں وزیراعلیٰ 5 مشیروں کا تقرر کرسکتے ہیں، جن میں حمایت اللہ خان کو پہلے ہی مشیر مقرر کیاجاچکا ہے اور انہیں خزانہ و انرجی اینڈ پاور کے محکموں کے قلمدان حوالے کیے گئے ہیں۔
آئین کے مطابق کابینہ ارکان کی تعداد بشمول وزیراعلیٰ 16 ہوسکتی ہے، جن میں خوشدل خان ملک کو فارغ کرنے کے بعد ایک وزیر کو شامل کرنے کی گنجائش موجود ہے ۔