”عمران نے جنوبی وزیرستان کا دہشتگردانہ تصور پیش کیا”: پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے اپنے قتل کے حوالے سے دیے جانے والے بیان کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کردی گئی۔
سجاد احمد محسود ایڈوکیٹ نے عمران خان کے بیان کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔
درخواست گزار کے مطابق عمران خان نے الزام لگایا کہ انہیں قتل کرنے کیلئے جنوبی وزیرستان سے 2 بندوں کو تیارکیا گیا ہے جس سے نہ صرف جنوبی وزیرستان کا دہشتگردانہ تصور پیش کیا گیا ہے بلکہ جنوبی وزیرستان کے مکینوں کی دل آزاری بھی ہوئی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان نے ذرائع نہیں بتائے اور علاقہ مکینوں پر الزام لگایا اگر وہ ذرائع بتانے میں ناکام ہوئے تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ جنوبی وزیرستان کے لوگ پہلے سے بہت مشکلات میں ہیں اور عمران خان کے جانب سے ایسے بیانات سامنے آنے کے بعد جنوبی وزیرستان کے لوگ آزادانہ نقل وحرکت میں مزید مشکل میں پڑسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں عمران خان نے دعویٰ کیا تھاکہ مجھے قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، مجھے قتل کرنے کے لیے جنوبی وزیرستان کے علاقے سے دو لوگوں کو ٹاسک دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا تھاکہ مجھے قتل کرنے کے لیے دونوں پیشہ ور قاتلوں کو رقم بھی ادا کی گئی ہے، میرے پاس اس منصوبے کے تمام ثبوت موجود ہیں۔