وادی بمبوریت میں کیلاش آئس اینڈ سنو فیسٹیول اختتام پذیر
گل حماد فاروقی
وادی بمبوریت میں کیلاش آئس اینڈ سنو فیسٹیول اختتام پذیر ہو گیا، سرمائی کھیلوں کے اس ٹورنامنٹ سے مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ سیاح بھی لطف اندوز ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق وادی کیلاش بمبوریت میں ہندوکش سنو سپورٹس کلب کے زیر اہتمام کیلاش آئس اینڈ سنو فیسٹیول یعنی سرمائی کھیلوں کا میلہ منعقد ہوا جو تین دن تک جاری رہا۔ کیلاش آئس اینڈ سنو تہوار میں دو سو سے زائد لڑکوں اور لڑکیوں کو سرمائی کھیلوں کی تربیت بھی دی گئی۔
ہندوکش سنو سپورٹس کلب کے صدر شہزادہ ہشام الملک نے تمام سرکاری اور غیرسرکاری اداروں کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یہ تہوار کامیاب رہا جس سے ونٹر ٹورازم یعنی سرمائی سیاحت بھی فروغ پائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرمائی کھیلوں کے اس تہوار کو منعقد کرانے میں ان کے ساتھ ایس آر ایس پی، ضلعی انتظامیہ، ٹی ایم اے چترال، اے آر ایس پی، گلوبل افیئر کینیڈا وغیرہ نے بھرپور تعاون کیا۔
ٹورنامنٹ میں آئس ہاکی، سنو سکینگ، کبڈی اور ایک پاؤں کی دوڑ کے مقابلے بھی ہوئے جن میں لڑکوں کے علاوہ لڑکیوں نے بھی حصہ لیا۔
تہوار میں شریک ضلع اپر چترال سے کے بچوں اور بچیوں نے کہا کہ ہمیں پہلی بار سنو سکینگ کھیلنے کا موقع ملا جس سے ہم نے بہت کچھ سیکھا۔
میلے میں خصوصی شرکت کرنے والے پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کے سربراہ نادر گل بڑیچ کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں اس قسم کے تہوار اور کھیلوں کے ٹورنامنٹ منعقد کرانے سے اس پسماندہ علاقے میں بھی سرمائی سیاحت فروغ پائے گی جس سے لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی ملیں گے اور معیشت پر بھی مثبت اثرات پڑیں گے۔
ضلع انتظامیہ نے یقین دہائی کرائی کہ آنے والے سالوں میں سرمائی کھیلوں کے اس تہوار کو مزید منظم اور بہتر طریقے سے منائیں گے۔
علاقے کے منتحب ناظمین کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں شدید سرد موسم کی وجہ سے نہ تو یہاں سیاح آتے ہیں اور نہ کاروبار چلتا ہے بلکہ مقامی لوگ بھی گھروں میں محصور ہو کر رہتے ہیں، اس قسم کھیل کود سے اگر ایک طرف ان کو بوریت ختم کرنے اور لطف اندوز ہونے کا موقع ملتا ہے تو دوسری جانب اس سے مقامی لوگوں کا کاروبار بھی بہتر ہوتا ہے کیونکہ یہاں سیاح آتے ہیں اور ہوٹلوں میں قیام کرنے کے ساتھ ساتھ دکانداروں سے بھی سامان خریدتے ہیں۔
ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر لوئر چترال نے ان کھیلوں کو مقامی کھلاڑیوں اور نوجوانوں کیلئے نہایت مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب لوگ سردی کی وجہ سے گھروں میں بے کار بیٹھ کر بوریت کا شکار ہوتے ہیں تو ان کی صحت کو بھی حطرہ لاحق ہوتا ہے جبکہ کھیل کود اور مثبت سرگرمیوں میں مشغول ہوں تو بیمار نہیں پڑتے اور جسمانی طور پر تندرست اور صحت بند رہتے ہیں۔
تین روزہ کیلاش آئس اینڈ سنو فیسٹیول کو دیکھنے کیلئے شدید سردی کے باوجود کثیر تعداد میں سیاح وادی کیلاش آئے تھے۔