کرک میں مندر جلانے والوں سے ریکوری روکنے کا حکم
سپریم کورٹ نے اقلیتی رہنما کی اپیل پر خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں مندر جلانے والوں سے ریکوری روکنے کا حکم دے دیا۔ کرک تیری مندر کو نقصان پہنچانے سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت سپریم کورٹ کے جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔
اقلیتی رہنما ایم این اے رمیش کمار سپریم کورٹ میں پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ کرک ٹیری مندر کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، مندر کی بحالی اور تزئین و آرائش بھی کر دی گئی ہے، کرک مندر کے علاقے میں اب ہندوؤں اور مسلمانوں میں اچھی ہم آہنگی ہے۔
رمیش کمار کا کہنا تھا عدالت نے مندر کو نقصان پہنچانے والوں سے ریکوری کا حکم دیا تھا، صوبائی حکومت نے مندر کو نقصان پہنچانے والوں سے کچھ ریکوریاں کی ہیں، عدالت مناسب سمجھے تو یہ ریکوری کا سلسلسہ روک دیا جائے کیونکہ مندر کو نقصان پہنچانے والوں نے معافی مانگ لی ہے۔
عدالت نے اقلیتی رہنما رمیش کمار کی استدعا پر مندر نذر آتش کرنے والوں سے ریکوری روکنے کا حکم دے دیا۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے کرک میں تیری مندر جلانے والوں سے 3 کروڑ 30 لاکھ روپے ریکور کرنے کا حکم دیا تھا۔