جرائم

بنوں پولیس پر ایک اور حملہ، 1 پولیس اہلکار شہید 1 زخمی

غلام اکبر مروت

بنوں ٹاؤن شپ کی حدود علاقہ ڈوگر عمرزئی میں پولیس موبائل وین پر شرپسندوں کا حملہ، فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔

زرائع کے مطابق نامعلوم موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں نے پولیس موبائل وین پر اس وقت فائرنگ کی جب پولیس اہلکار معمول کی گشت پر تھے، جوابی فائرنگ کے دوران شرپسندوں نے ڈوگر عمرزئی کے ایک مکان میں پناہ لے لی جس پر پولیس نے علاقے کا محاصرہ کیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق شرپسندوں نے ایک پولیس اہلکار کو بھی یرغمال بنا لیا تھا جسے فائرنگ کر کے شہید کیا گیا، دہشت گردوں کے پیچھے مکان میں گھسنے والے پولیس اہلکار پشم خان کے بھی شہید ہونے کی اطلاع ہے جبکہ ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہوا۔

مبینہ شرپسند مکان کے ایک کمرے میں موجود ہیں، علاقہ پولیس کے گھیرے میں جبکہ آپریشن جاری ہے۔

پولیس کے مطابق شہید پولیس اہلکار پشم خان کی نماز جنازہ پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائے گی۔

خیال رہے کہ آج تیسرے روز بھی نامعلوم افراد کے پولیس پر حملے جاری رہے، گزشتہ رات گئے شاہ طورہ پولیس چوکی پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا جس پر موجود پولیس اہلکاروں نے دلیری سے ان کا مقابلہ کیا۔

پولیس چوکی شاہ طورہ پر دہشت گردوں کے حملے کی اطلاع ملتے ہی عوام کی کثیر تعداد بھی نکل آئی اور پولیس کا ساتھ دیا جس سے نامعلوم مسلح افراد کا حملہ پسپا ہوا اور پولیس جوان محفوظ رہے۔

پولیس ترجمان شاہد حمید کے مطابق پولیس جوان پہلے سے الرٹ تھے اور پولیس کی بھرپور جوابی کاروائی سے دہشت گرد رات کے اندھیرے میں بھاگنے پر مجبور ہو گئے جبکہ شاہ طورہ پولیس چوکی کی مدد کیلئے پولیس کی بھاری نفری موقعہ پر پہنچ گئی۔

واضح رہے کہ اس واقعہ سے ایک دن پہلے نامعلوم مسلح افراد نے تین مختلف مقامات پر پولیس پر حملے کئے تھے جن میں دو پولیس اہلکاروں سمیت کل تین افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ دو پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے تھے تاہم ان تینوں واقعات میں صرف پہاڑخیل تھل واقعے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button