ضلع کرم کے راستے افغانستان تک ریلوے ٹریک بچھانے کیلئے سروے مکمل
کور کمانڈر پشاور حسن اظہر حیات نے کہا ہے کہ ضلع کرم کے راستے افغانستان تک ریلوے ٹریک بچھانے کیلئے سروے ہو گیا ہے، ضلعی انتظامیہ کو منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے کمیٹی بنانے کی ہدایات دی ہیں جبکہ طورخم کے بعد ضلع کرم کے خرلاچی ٹرمینل کو فعال بنانے کا کام شروع کیا جائے گا۔
پاراچنار میں قبائلی عمائدین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر پشاور الیون کور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے کہا کہ ضلع کرم قدرتی حسن کے ساتھ ساتھ معدنیات سے مالامال ہے اور یہاں سیاحت کے بہت سے مواقع ہیں جن سے استفادہ کرنے کے لئے اورکزئی کرم ٹورازم زون بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ طورخم ٹرمینل پر کام ختم کرنے کے بعد خرلاچی افغان بارڈر ٹرمینل کو فعال بنایا جائے گا اور یہاں تجارت کو فروغ دینے اور صحت سمیت تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ساتھ ساتھ ضلع کرم کے راستے افغانستان تاجکستان تک ریلوے ٹریک بچھانے کی پروپوزل حکومت کو دی تھی۔ پہلے مرحلے میں ایک سروے کا کام مکمل ہو گیا ہے اور ڈپٹی کمشنر کو اس کام کو بہتر طریقے سے آگے بڑھانے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایات دی ہیں۔
کور کمانڈر کا کہنا تھا کہ ضلع کرم کے عمائدین اور جوان مذہبی منافرت ختم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔ ایم پی اے سید اقبال میاں کی جانب سے اورکزئی میں روحانی پیشوا میر انور شاہ کے مزار کی تعمیر اور زائرین کیلئے کھولنے کے مطالبے پر کور کمانڈر نے کہا کہ وہ عنقریب ضلع اورکزئی کا دورہ کریں گے اور اس مسئلے کا حل نکالا جائے گا جبکہ محکمہ اوقاف سے بھی مزار کی تعمیر اور مزار کو ان کے حوالے کرنے کیلئے بات چیت جاری ہے۔
اس سے قبل قبائلی رہنما عنایت طوری، حاجی سلیم خان، ایم پی اے اقبال میاں، ایم پی اے ریاض شاہین، سابق ایم این اے ملک فخر زمان اور دیگر عمائدین نے اپنے علاقوں کے مسائل بیان کئے۔
سوشل میڈیا کا ذکر کرتے ہوئے کور کمانڈر کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا عوامی مفاد اور امن کیلئے کام کرے، سوشل میڈیا پر گندگی پھیلانے والوں کو درست کرنے کی ضرورت ہے، یہاں امن و بھائی چارہ ہو تو تمام مسائل جلد حل ہوں گے۔
کور کمانڈر نے تمام ضلع کرم سے اراضی کے تنازعات آپس میں بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا اور کہا کہ اس حوالے سے گریڈ اٹھارہ کا آفیسر تعینات کیا جا رہا ہے جو یو ایس ایڈ کے تعاون سے سیٹلائٹ کے ذریعے ڈی مارکیشن کریں گے۔
جرگہ کے بعد ضلع کرم کے سینئر صحافی اور سابق صدر پاراچنار پریس کلب علی افضل افضال کے ساتھ بات چیت میں پاراچنار ہسپتال میں ایم آر آئی اور سٹی سکین کی سہولت نہ ہونے پر کور کمانڈر نے تعجب کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو فوری طور سٹی سکین اور ایم آر آئی کی سہولیات کی فراہمی کے احکامات جاری کئے۔