لائف سٹائلکالم

باڑہ: معروف کاروان کیا ہے اور یہ کیا کام کرتی ہے؟

شاہ نواز آفریدی

ضلع خیبر بالخصوص باڑہ گزشتہ دو دہائیوں سے زیادہ عرصے سے مختلف مشکلات کا شکار ہے اور اب بھی ایک سنگین صورتحال سے گزر رہا ہے۔

سب سے پہلے یہاں پر دس سال سے زائد عرصے تک امن و امان کی صورتحال بہت گھمبیر رہی جو ہر جگہ خون خرابے اور لاشوں کی صورت نمایاں تھی۔ کئی سالوں تک لوگ کرفیو اور دہشت کے خلاف جنگ کی وجہ سے علاقے سے باہر رہے اور جب 6 یا 7 سال بعد علاقے میں واپس آئے تو پھر دیگر مختلف قسم کی مشکلات سے دوچار ہونے لگے۔

ان مشکلات میں یہ تھا کہ علاقے سے باہر جانے پر کاروبار ختم ہوا، تمام جمع پونجی لوگوں کے ساتھ ختم ہو گئی، واپسی پر مکانات، مساجد، کھیت، دکانیں، مارکیٹیں، سکولز، مدرسے، کھیل کے میدان، سڑکیں، ہسپتالیں، راستے، پانی کے حصول کے ذرائع، بجلی کا نظام یہاں تک کے گھر کا سامان بھی نہ رہا اور دوردراز پہاڑی علاقوں میں تو زندگی گزارنے کے آثار تک ختم ہو گئے اور وہ لوگ جو پہلے زکوٰۃ دیتے تھے خود زکوٰۃ کے مستحق ہونے لگے۔

اور تو اور یہاں پر لوگ بھیک بھی مانگنے لگے جو کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسے ہوا۔ اس سب کے علاوہ رہی سہی کسر پھر کرونا وبا، ڈینگی اور مہنگائی جیسی قدرتی و انسانی آفات نے پوری کی اور لاکھ سے زائد خاندانوں پر مشتمل سو سے زائد کلومیٹر کے علاقے کے تقریباً 99 فیصد لوگ اس تمام صورتحال کی وجہ سے براہ راست متاثر ہوئے جس کی وجہ سے علاقے میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نشے میں مبتلا ہوئی کیونکہ دو دہائیوں سے زائد عرصہ پر محیط مشکلات نے عوام کو زندگی سے بالکل مایوس کر دیا۔

اب آتے ہیں اپنے سوال کے جواب کی طرف کہ معروف کاروان کیا ہے اور معروف کاروان کے تعارف سے پہلے تحصیل باڑہ کے بارے یہ تفصیلی حالات کیوں ذکر کئے گئے؟

یہ سب بیان کرنا اس لئے بھی ضروری سمجھا کیونکہ ان حالات میں ایک اکیلے شخص نے ایک سوچ اور جذبے کے ساتھ کھڑے ہو کر لاکھوں لوگوں کی خدمت کرنے، ان کو روزگار فراہم کرنے، طلباء کو تعلیم میں سہولیات دینے، نوجوانوں کو نشے سے نکال کر ان کو روزگار فراہم کرنے، کھلاڑیوں کے کھیل کود کا انتظام کرنے، معذور افراد کو روزگار دینے کے لئے سنٹرز بنانے، غریب و نادار خواتین کے لئے سلائی کڑھائی کے درجنوں سنٹرز میں سینکڑوں سلائی مشین کی فراہمی، شعراء کی حوصلہ افزائی کے لئے مشاعروں کا انعقاد کرنا، اساتذہ کو پڑھانے کے دوران سہولیات دینا یہاں تک کہ سرکاری بلڈنگز مثلاً سکول، ہسپتال اور جیل جیسی جگہوں میں بھی معروف کاروان نے لوگوں کی مدد کی اور زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے فرد یا افراد کو ان کے مطابق مدد فراہم کی۔

معروف کاروان کا یہ سلسلہ شروع کرنے والا واحد بندہ تھا جس نے نشے کا علاج کرنے والے مختلف ہسپتالوں میں بار بار جا کر وہاں انتظامیہ کو مختلف قسم کی اشیاء فراہم کیں اور درجنوں افراد کے علاج کی ذمہ داری لی۔

اسی طرح باڑہ کے سینکڑوں غریب و بیوہ خواتین اور ہزاروں غریب بشمول معذور افراد کو روزگار کے لئے سلائی کی مشینوں کی فراہمی بھی معروف کاروان ہی کا کارنامہ ہے۔ علاقے میں اب تک ہزاروں کھلاڑیوں کے لئے مختلف قبیلوں کے مختلف گراؤنڈز پر مختلف کھیلوں کا انعقاد بھی معروف کاروان نے ہی یقینی بنایا۔

یہ تو معروف کاروان کی وہ کار گزاری ہے جو ہمارے بتائے بغیر سب کو معلوم ہے۔ وہ جو ہمیں معلوم نہیں ہے وہ اس کے علاوہ ہے۔

اب آتے ہیں اس طرف کہ معروف کاروان کا وہ واحد بندہ کون ہے اور وہ یہ تمام کام کیسے کر پاتا ہے، تو اس بندے کا نام بھی حاجی معروف آفریدی ہے جنہوں بین الاقوامی سطح کی یونیورسٹی سے گریجویشن کی ہے اور خدمت کرنے کا طریقہ کار یہ ہے کہ انہوں نے اس خدمت کے لئے "معروف کاروان” کے نام سے ایک سماجی تنظیم بنائی ہے جس میں ان کے ساتھ ان جیسے دیگر مخلص اور ایماندار ساتھی، کھیل سے لے کر تعلیم اور شعراء و ادباء کے لئے پروگرامات کے انعقاد تک کے لئے علیحدہ علیحدہ ممبران ہیں جیسے کہ مرکزی صدر اصغر خان آفریدی، سپورٹس سیکرٹری مختیار عالم، پریس سیکرٹری شیر ولی اور جنرل سیکرٹری شیر عالم سمیت چند روز پہلے سماجی کارکن و علاقے کی خدمت میں پیش پیش جعفر لالا نے بھی انہی خدمات کی بنیاد پر اور انہی خدمات کو جاری رکھنے کے لئے باضابطہ طور پر معروف کاروان کو جائن کیا اور اس کا حصہ بن گئے۔

اور یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جعفر لالا نے باڑہ کے متاثرہ عوام کے تباہ شدہ مکانات کے پیسوں کے حصول کے لئے معروف کاروان کی تشکیل کردہ آفریدی ریلیف کمیٹی کے پلیٹ فارم سے بہت بھاگ دوڑ کی ہے اور متاثرہ عوام کو ان کے لئے چیکس کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔

تو یہ تھی معروف کاروان کے بارے میں کچھ باتیں جو میں جانتا تھا اور اگر کاروان کے ممبران سے معلومات کروں تو پھر معروف کاروان پر پوری کتاب بھی لکھی جا سکتی ہے۔

آخر میں، میں یہ کہوں گا کہ معروف کاروان کی خدمات کو دیکھ کر علاقے میں اب درجنوں مختلف قسم کی خدمات کے لئے کاروان اور سماجی تنظیمیں بن چکی ہیں جس کا سہرا اور کریڈٹ بھی معروف کاروان کے چیئرمین حاجی معروف آفریدی ہی کو جاتا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button