جرائم

باڑہ: طالبعلم کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام، دو مبینہ اغواکار گرفتار

کاشف کوکی خیل

خیبر: باڑہ میں مدرسہ کے طالب عالم کی اغوائیگی کی کوشش ناکام، دو مبینہ اغواکار گرفتار کر لئے گئے۔

باڑہ پولیس کے مطابق کل رات تحصیل باڑہ کے علاقہ شلوبر میں باڑہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو اغواء کار پکڑے جو مبینہ طور پر بچے کو اغواء کر رہے تھے، ملزمان کے ساتھ تیزدھار چھری اور بوری بھی پکڑی گئی ہے جو مبینہ طور پر بچے کو اغوا کرنے کیلئے استعمال کرنا چاہ رہے تھے۔

ایس ایچ او تھانہ باڑہ نے ٹی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا اور اب مزید تفتیش کی خاطر 24 گھنٹوں کیلئے پولیس کی کسٹڈی میں ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ شام تقریباً 6 بجے تھانہ باڑہ کی حدود شلوبر سواتی قبرستان میں 12 سالہ مستقیم محلے کی مسجد میں دینی سبق پڑھنے کیلئے جا رہا تھا جب دو مبینہ اغوا کار بچے کے پیچھے دوڑ پڑے، بچہ قریبی دکان میں گھس گیا اور چیخ و پکار شروع کی، مقامی لوگوں نے تگ و دو کر کے ملزمان کو پکڑ لیا اور متعلقہ چوکی انچارج عبدالکریم آفریدی کو اطلاع دی۔

متاثرہ بچے کے والد کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، باڑہ پولیس کے مطابق ملزمان کی مجسٹریٹ کے سامنے پیشی ہو چکی ہے اور وہاں سے مزید 24 گھنٹوں کیلئے پولیس کسٹڈی میں دے دیئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ باڑہ میں گزشتہ کئی دنوں سے مختلف واٹس ایپ گروپوں میں ایک وائس میسج شیئر کیا جا رہا تھا کہ کچھ لوگ بچوں کی اغوائیگی کی غرض سے باڑہ کے مختلف علاقوں میں گھوم پھر رہے ہیں لہٰذا اپنے بچوں کی حفاظت کیجیے، اب محولہ بالا ملزمان کی گرفتاری کے بعد اصل صورتحال شاید سامنے آ سکے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button