کیویز کو شکست، شاہین فائنل میں پہنچ گئے
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 153 رنز کا ہدف دیا ہے۔
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 152 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کے اننگز کے آغاز پر شاہین نے پہلے ہی اوور میں اوپنر فِن ایلن کو 4 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی جبکہ پاور پلے کے اختتام یعنی چھٹے اوور کی آخری گیند پر شاداب نے ڈیون کونوے کو رن آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد محمد نواز نے گلین فلپس کو پویلین لوٹایا، جب کہ کپتان ولیمسن شاہین کا شکار بنے۔
نیوزی لینڈ کے اوپنر فن ایلن 4، ڈیون کونوے 21، کین ولیمسن 46، گلین فلپس 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ ڈیرل مچیل 53 اور جیمز نیشم 16 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2 اور نواز نے 1 وکٹ حاصل کی جبکہ شاداب نے ایک رن آؤٹ کیا۔
153 رنز کے تعاقب میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے ٹیم کو ایک اچھا آغاز فراہم کیا اور وکٹ کی دونوں جانب سٹروکس کھیلتے ہوئے مجموعی سکور کو 100 رنز تک پہنچا دیا تاہم پاکستان کی پہلی وکٹ 105 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب بابر اعظم ٹرنٹ بولٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 42 گیندوں پر 53 رنز بنائے جس میں سات چوکے بھی شامل تھے۔
اس کے بعد محمد رضوان کا ساتھ دینے کیلئے حارث کریز پر آئے، رضوان نے 36 گیندیں کھیل کر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 132 رنز کے مجموعے پر اس وقت گری جب محمد رضوان بولٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 43 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے بھی شامل تھے۔
اس کے بعد شان مسعود اور محمد حارث نے کھیل کو آگے بڑھایا، 18ویں اوور میں جبکہ پاکستان کو 15 گیندوں پر 19 رنز کی ضرورت محمد حارث نے ایک چوکا اور ایک چھکا مارتے ہوئے میچ میں پہلی بار پاکستان کا پلڑا حاوی کر دیا۔ تاہم 19ویں اوور کے اختتام پر حارث نے ایک غیرذمہ دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے اس وقت اپنی وکٹ گنوا دی جب پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے 2 رنز کی ضرورت تھی۔
20ویں اوور کا پہلا بال وائڈ جبکہ اگلے بال پر شان مسعود نے وننگ سٹروک کھیلتے ہوئے پاکستان کی فتح پر مہر ثبت کر دی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرنٹ بولٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔