مسافر کوچ میں سیاسی بحث نے ایک مسافر کی جان لے لی
لوئر دیر: پشاور سے تیمرگرہ جانے والی مسافر کوچ میں سیاسی تکرار نے ایک مسافر کی جان لے لی جبکہ اس کا بھائی شدید زخمی ہو گیا۔
تھانہ بائیزی ضلع مردان میں درج ایف آئی آر کے مطابق مجروح وقاص الدین ولد غلام محی الدین ساکن قلعہ گئی سیار درہ نے زخمی حالت میں بٹ خیلہ ہسپتال میں پولیس کو رپورٹ درج کرتے ہوئے بتایا کہ وہ 5 نومبر کو اپنے بھائی رحیم الدین کے ہمراہ مسافر کوسٹر میں پشاور سے تیمرگرہ جا رہے تھے کہ سفر کے دوران نامعلوم ملزم کی ان کے بھائی کے ساتھ سیاسی بحث شروع ہوئی اور بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق ملزم نام و سکونت نامعلوم نے دیگر ساتھیوں، رشتہ داروں کو موبائل فون کے زریعے کال کر کے انہیں بابوزئی انٹر چینج آنے کا کہا، جب کوسٹر مذکورہ مقام پر پہنچا تو پہلے سے موجود پانچ نامعلوم افراد، جو ڈنڈوں اور اسلحہ سے لیس تھے، کوسٹر کو زبردستی رکوا کر میرے بھائی رحیم الدین کے ساتھ الجھ گئے اور ان پر لاتھوں، مکھوں اور ڈنڈوں سے حملہ کیا اور ایک ملزم نے اسلحہ اتشین سے فائرنگ کی جس سے میرا بھائی رحیم الدین موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ میں شدید زخمی ہو گیا۔
بعدازاں مرحوم کو آبائی قبرستان قلعہ گئی سیار درہ میں سپردخاک کر دیا گیا، اس اندوہناک واقعہ پر علاقے کی فضا سوگوار رہا۔