بھارت: 8 سالہ بچے کے کاٹنے سے کوبرا سانپ ہلاک
بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ میں 8 سالہ بچے کے کاٹنے سے زہریلا کوبرا سانپ ہلاک ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق چھتیس گڑھ کے دودراز گاؤں پندارپد کے رہائشی 8 سالہ دیپک پر کوبرا سانپ نے حملہ کر دیا اور اس کے بازو سے لپٹ گیا، بچے نے فوری طور پر سانپ کو اپنے بازو سے الگ کرنے کی کوشش کی اور ناکامی پر اس نے سانپ کو کاٹ دیا جس سے زہریلا کوبرا سانپ موقع پر ہلاک ہو گیا۔
خبر کے مطابق 8 سالہ دیپک اپنے گھر کے باہر کھیل رہا تھا جب کوبرا سانپ اسے ڈسنے سے قبل اس کے بازو کے گرد لپٹ گیا، بچے نے خود کو بچانے کیلئے اپنا بازو جھٹکنا شروع کیا مگر سانپ کی گرفت سے چھٹکارا حاصل کرنے میں ناکام رہا لیکن ہار ماننے کی بجائے اس نے سانپ کو کاٹ لیا جس سے کوبرا سانپ بچ نہ سکا اور بچے کے کاٹنے سے مر گیا۔
8 سالہ بچے دیپک کا کہنا تھا کہ یہ بہت تیزی سے ہوا کہ سانپ میرے بازو سے لپٹ گیا، میں ڈر گیا تھا میں نے اسے ہٹانے کی کوشش کی اور پھر اسے دو بار کاٹ دیا جس کے بعد سانپ مر گیا۔
خبر کے مطابق دیپک کے بازو پر سانپ کے ڈسنے کے نشانات موجود تھے، والدین اسے فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال لے گئے جہاں اسے طبی امداد دی گئی۔
ایک تحقیق کے مطابق بھارت میں سانپ کے ڈسنے کے واقعات عام ہیں، ایک اندازے کے مطابق 2019 میں سانپ کے ڈسنے کے واقعات میں 85 فیصد اموات ریکارڈ کی گئی تھیں۔