ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے اپنے اپنے میچز جیت لیے
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے آج کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دے دی۔
آسٹریلیا نے افغانستان کو جیت کیلئے 169 رنز کا ہدف دیا، افغانستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنا سکی۔ راشد خان نے آخر میں ٹیم کو جتوانے کی بھرپور کوشش کی تاہم وہ کامیاب نہ ہوسکے۔ راشد خان نے 23 گیندوں پر 48 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلین ٹیم کے بلے بازوں نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے ، گلین میکسویل 32 گیندوں پر 54 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ میکسویل کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔
اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے آئرلینڈ کو 35 رنز سے شکست دے دی۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے تھے۔
نیوزی لینڈ کی اننگز میں کپتان کین ولیمسن 31 گیندوں پر 61 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ ڈیرل مچل 21 رنز بناکر 31 ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز ہی بناپائی۔
تاہم نیوزی لینڈ کے خلاف آئرلینڈ کے بولر جوشوا لٹل نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک کرنے کا بھی اعزاز حاصل کرلیا۔
آئرلینڈ کے نمایاں رہنے والے بولر جوشوا لٹل نے 21 رنز دے کر 3 ،مارک اڈائر نے 39 رنز کے ساتھ 1 جبکہ گیرٹھ ڈیلانی نے 30 رنز کے ساتھ 2 وکٹس حاصل کی۔ آئرلینڈ سے فتح کے بعد نیوزی لینڈ پوائنٹس ٹیبل پر 7 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔