تعلیم

ملاکنڈ: نتائج کیخلاف احتجاج کرنے والے طلبہ پر پولیس کا لاٹھی چارج

تیمر گرہ میں ملاکنڈ تعلیمی بورڈ کے نتائج کے خلاف پرامن احتجاج کرنے والے طلبہ پر پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے متعدد مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔

لوئر دیر کے مختلف کالجز کے سینکڑوں طلباء تیمرگرہ پریس کلب کے سامنے شہید چوک میں پرامن احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے کہ اتنے میں پولیس نے ان پر لاٹھی چارج شروع کر دیا، ہوائی فائرنگ کی اور کئی طلبہ کو زخمی اور گرفتار کر لیا۔ پولیس نے مظاہرہ کی کوریج کرنے والے صحافی پر بھی تشدد کر کے ان سے موبائل فون چھین لئے۔

قبل ازیں لوئر دیر کے سرکاری اور نجی کالجز کے سینکڑوں طلبہ نے انٹرمیڈیٹ کے نتائج پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ طلبہ کے ساتھ ظلم اور ناانصافی ہوئی ہے جس کی انکوائری کی جائے۔

پولیس نے طلبہ کو منتشر کرنے کے لئے طلبہ پر لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ کی جس سے موقع پر موجود لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی، پولیس نے کئی طلبہ کو گرفتار کر کے پولیس تھانہ تیمرگرہ منتقل کر دیا جبکہ اس دوران کوریج کرنے والے تیمرگرہ پریس کلب کے نائب صدر اور جیو نیوز کے نمائندے احسان اللہ شاکر کو پولیس نے فوٹیج بنوانے پر تشدد کا نشانہ بنایا اور ان سے موبائل فون بھی چھین لیا۔

واقعہ پر تیمرگرہ پریس کلب کے صحافیوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ایونٹ کی فوٹیج بنانا اور کوریج کرنا صحافیوں کی ذمہ داری ہے اور انہیں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے منع کرنا ظلم اور ناانصافی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ پولیس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

دوسری جانب شدید عوامی احتجاج پر ڈی پی او اکرام اللہ نے دونوں پولیس اہلکاروں کو فوری معطل کر کے کوارٹر گارڈ میں بند کر دیا اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر فخرعالم کی سربراہی میں انکوائری ٹیم تشکیل دے دی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button