گوگل کا پاکستانیوں کے لیے 15 ہزار سکالرشپس دینے کا اعلان، طریقہ کار کیا ہے ؟
عالمی مقبول سرچ انجن گوگل نے جعمرات کو کیرئیر سرٹیفکیٹس متعارف کرائے ہیں جن کا مقصد پاکستانیوں کو سیکھنے کے مناسب مواقعے فراہم کرنا ہے تاکہ وہ روزگار کے لیے درکار انتہائی مطلوب ڈیجیٹل مہارتیں حاصل کر سکیں۔
کراچی میں جاری ایک بیان میں گوگل کا کہنا تھا کہ اپنے مشن ’اَن –لاک پاکستانز ڈیجیٹل پوٹینشل‘ کے تحت وہ اس سال اپنے مقامی پارٹنرز – انسٹی ٹیوٹ آف رْورل مینجمنٹ (IRM) اور Ignite کے ذریعے 15,000 سکالرشپس پیش کر کے ایک مساوی اور جامع ڈیجیٹل معیشت کو فعال کرنے کے اپنے عزم کو بھی تقویت دی ہے، جس میں تعلیمی اداروں، انڈسٹری پارٹنرز اور غیر منافعتی تنظیمیں شامل ہیں۔
الفا بیٹا (Alpha Beta)کی ایک رپورٹ کے مطابق اگر مکمل طور پر فائدہ اٹھایا جائے تو ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز 2030 تک پاکستان میں9.7َ کھرب پاکستانی روپے (59.7 ارب امریکی ڈالرز) سالانہ کی معیشت پیدا کرسکتیں ہیں۔
پاکستان کے ICT سیکٹر نے گذشتہ دہائی میں قابل ذکر ترقی کی ہے جس سے سالانہ محاصل میں اوسطاً 30 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ حال ہی میں ICT سے تعلق رکھنے والی برآمدات میں 5 ارب امریکی ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے اور وزارت انفارمیشن و ٹیکنالوجی کا خیال ہے کہ ’اس شعبے میں (ملک کی) سب سے بڑی برآمدی صنعت بننے کی گنجائش موجود ہے۔‘
اس وقت پاکستان کی تقریباً 4.7 فیصد افرادی قوت ICTکے شعبے میں کام کر رہی ہے جس میں سے چھ فیصد یعنی کم و بیش دو لاکھ کارکن خواتین ہیں۔
پاکستان کے ممتاز جاب پورٹل، rozee.pk پر دستیاب اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ اسامیاں بھی ICT کے شعبے میں پائی جاتی ہیں۔
اس بارے میں گوگل کے ریجنل ڈائریکٹر برائے پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا، فرحان قریشی نے کہا: ’آج ہمیں Grow with Google پروگرام کے تحت گوگل کیرئیر سرٹیفکیٹس کا اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ آف رْورل مینجمنٹ اور Ignite کے ساتھ شراکت میں ہم 15,000 سکالرشپس بھی پیش کر رہے ہیں تاکہ سیکھنے والے کسی خرچ کے بغیر سرٹیفکیٹس حاصل کر سکیں۔ یہ کوشش گوگل کے اْس عزم کا اظہار ہے جس کے تحت گوگل ملکی ڈیجیٹل ایکوسسٹم کی ترقی یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔
’یہ سرٹیفکیشن پروگرام نئے مواقع فراہم کرے گا اور ڈیویلپرز، طلبہ، اساتذہ، روزگار تلاش کرنے والوں اور کاروباری اداروں کو موقع فراہم کرے گا کہ وہ نہایت تیزی سے ترقی کر سکیں۔ اس کے لیے سرکاری اور نجی شعبوں میں شراکتیں بھی قائم کیں گئیں ہیں کیوں کہ ہم پاکستان کی ڈیجیٹل انڈسٹری کو ترقی دینا چاہتے ہیں۔‘
آن لائن تعلیمی پلیٹ فارم Coursera پر دستیاب، گوگل کیرئیر سرٹیفکیٹس (https://grow.google/certificates) آن لائن پروگرام ہیں جن کی رفتار خود مقرر کی جا سکتی ہے اور یہ سیکھنے والوں کو کسی پیشگی تجربہ یا ڈگری کے بغیر سیکھنے کے قابل بناتا ہے کہ وہ ڈیٹا اینالیکٹس، آئی ٹی سپورٹ، آئی ٹی آٹومیشن، پروجیکٹ مینجمنت، UX ڈیزائن، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ای-کامرس جیسے چھ شعبوں میں اپنے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کر سکیں۔
ہر سر ٹیفکیٹ گوگل کے اِن-ہاؤس ماہرین نے تیار کیا ہے اور انہیں سیکھنے والوں کو عملی تربیت کے ذریعے بنیادی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے بنایا گیا ہے جو انھیں، اُن کی اپنی رفتار سے ترقی کرنے کا موقع دیتا ہے اور اسی کے ساتھ اپنی تعلیم یا روزگار جاری رکھنے کا بھی موقع دیتا ہے۔
اس بارے میں انسٹی ٹیوٹ آف انجنیئرنگ کیرئیر میں ڈیٹا سائنس کی ٹرینی، سیدہ دْرِ حسن رضوی نے کہا ’اگرچہ راستے میں رکاوٹیں اور دشواریاں آ سکتیں ہیں لیکن آپ کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو پھر آپ کو ثابت قدم رہنا ہوگا۔ ڈیٹا کی دنیا میں پاؤں رکھنے کے بعد میں نے اب اپنی گوگل ڈیٹا اینالیٹکس سرٹیفکیشن مکمل کر لی ہے – سیکھنے کے حوالے سے یہ ایک زبردست موقع تھا۔ میں خود کو اب زیادہ پراعتماد محسوس کرتی ہوں اور مزید سیکھنے اور ترقی کرنے کے لیے تیار ہوں۔‘
بحریہ یونیورسٹی، لاہور کیمپس میں ڈپارٹمنٹ آف کمپیوٹر سائنس کے اسسٹنٹ پروفیسر محمد ذُوالنوّرین حسین کہتے ہیں: ’اس سرٹیفکیشن نے میری پیشہ ورانہ زندگی پر گہرا اثر مرتب کیا ہے۔ اب مجھے عالمی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے اور مجھے اب دنیا بھر سے جا ب کی پیشکشیں بھی موصول ہو رہی ہیں۔ اب آسمان میری حد ہے!‘
زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو گوگل کیرئیر سرٹیفکیٹس سے فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کرنے کی غرض سے گوگل، سیکھنے والوں کو 15,000 سکالرشپس بھی دے گا تاکہ وہ کسی خرچ کے بغیر سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں۔ گوگل یہ سکالرشپس IRM اور Ignite کے ذریعے فراہم کرے گا۔