تعلیم

چارسدہ: سیلاب سے متاثرہ افغان بچوں کے لئے سکول کا آغاز

طیب محمدزئی

28 اگست کو آنے والے والے سیلاب نے سردریاب کے قریب حسن خیل میں رہائش پذیر افغان باشندوں کی جھونپڑیوں کو بھی متاثر کیا جس پر یہ افغان مہاجرین اپنے بچوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے جس کے بعد نجی فلاحی تنظیم الخدمت فاؤنڈیشن نے ان کے لیے ایک عارضی خیمہ بستی قائم کر دی جس میں 180 کے لگ بھگ افغان مہاجرین رہائش پذیر ہیں، ان مہاجرین کے بچوں کے لئے ایک سکول بھی قائم کر لیا گیا ہے۔

اس حوالے سے الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختون خوا کے صدر خالد وقاص چمکنی کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب سے ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصانات ہوئے ہیں، الخدمت پہلے دن سے آزمائش کی اس مشکل گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور معاشرے کے اہل خیر افراد کے بھرپور تعاون سے متاثرین کی بلاامتیاز خدمت میں مصروف عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی ریلیف کے بعد اب بڑی تعداد میں سیلاب متاثرین کی دوبارہ آبادکاری کا مشکل مرحلہ درپیش ہے، الخدمت اس موقع پر بھی متاثرین کے شانہ بشانہ جدوجہد کر رہی ہے۔

خالد وقاص نے مخیر افراد سے اپیل کی کہ جس طرح انہوں نے ایمرجنسی ریلیف میں الخدمت کے ساتھ تعاون کیا تو متاثرین کی بروقت امداد ممکن ہوئی اسی طرح اب سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی میں بھی الخدمت کی پشتیبانی کریں تاکہ مشترکہ کاوشوں کے زریعے متاثرین سیلاب کی بحالی کی راہ ہموار کی جا سکے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کے بارے میں سوشل میڈیا پر معلوم ہوا کہ سردریاب میں افغان مہاجرین بہت مشکل میں ہیں تو ہم نے فوری طور پر الخدمت کے مقامی عہدیداروں کو تفصیلات اکٹھا کرنے کو کہا اور اس کے بعد ہم نے مشکلات کو مدنظر رکھتے ہر ممکن تعاون کیا، ٹینٹ ویلج قائم کیا اور ساتھ ہی ہم نے بچوں کے لئے ٹینٹ سکول کا بھی اہتمام کیا جس کا مقصد افغان مہاجرین کے بچوں سمیت سردریاب پکنک سپاٹ پر بھیک مانگنے والے بچوں کو ضروری بنیادی تعلیم دینا ہے۔

گزشتہ روز سکول کا باقاعدہ افتتاح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چارسدہ ثانیہ صافی نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں سماجی شخصیت مجیب الرحمٰن ایڈوکیٹ، الخدمت کے صوبائی سینئر منیجر ایجوکیشن وحیداللہ، ضلعی ذمہ داران فواد اور نسیم اللہ شاہین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بچوں کو سکول بیگز، سٹیشنری اور کتابیں دی گئیں اور باقاعدہ کلاسز کا آغاز کیا گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چارسدہ نے الخدمت کی سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے لئے کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات قابل تحسین ہیں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے الخدمت کی فلاحی سرگرمیوں میں تعاون جاری رہے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت کے صوبائی سینئر منیجر ایجوکیشن نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پہلے دن سے آزمائش کی اس مشکل گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور ریسکیو ریلیف کے مرحلے کے بعد متاثرین کی دوبارہ آبادکاری اور بحالی کے لئے سرگرم عمل ہے۔

ٹینٹ ویلج کے ایک دوسرے آرگنائزر نسیم اللہ شاہین نے سکول کے حوالے سے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت سکول میں 60 کے قریب بچے ہیں جن میں افغان مہاجرین کے ساتھ سٹریٹ چلڈرن بھی شامل ہیں جن کو روزانہ دو گھنٹے بنیادی تعلیم دی جائے گی، اس وقت صرف ایک ٹیچر ہے تاہم ایک دو دن میں دوسرے ٹیچر کا بھی بندوبست کر لیا جائے گا۔

سردریاب حسن خیل کے رہائشی نصیر خان اور سیف الرحمان نے خیمہ بستی اور ٹینٹ سکول شروع کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور اسے علاقے کی ترقی اور بچوں کے بہتر مستقبل کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا خیمہ بستی سکول سے افغان مہاجرین بچوں سمیت سٹریٹ چلڈرن اور سردیاب پکنک سپاٹ پر بھیک مانگنے والے بچے لکھنے اور پڑھنے کے قابل ہو جائیں گے اور معاشرے کے اچھے شہری بن جائیں گے۔

انہوں نے دیگر نجی اور سرکاری فلاحی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اس منصوبے کو جاری رکھنے کے لیے الخدمت فاونڈیشن چارسدہ کا ساتھ دیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button