لائف سٹائل

بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے 34 پیسے اضافے کی منظوری

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ایک مرتبہ پھر مہنگائی کے ستائے عوام پر بجلی بم گرا دیا، بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے 34 پیسے اضافے کی منظوری دے دی گئی۔

ذرائع کے مطابق سی سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دائر کی تھی، جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے 34 پیسے کا اضافہ کر دیا۔

زرائع کا مزید کہنا تھا کہ قیمتوں میں اضافے کی منظوری جولائی کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں دی گئی ہے، سی پی پی اے درخواست میں کہا تھا کہ جولائی میں بجلی کی پیداواری لاگت 10.98 روپے فی یونٹ رہی جب کہ پیشگی فیول لاگت 6.28 روپے فی یونٹ تھی، بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے صارفین پر 35 ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا۔

سی پی پی اے کے مطابق گزشتہ ماہ پانی سے 35.17 فیصد، کوئلے سے 12.74 فیصد جب کہ ڈیزل سے 1.46 اور فرنس آئل سے 6.42 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

اس حوالے سے سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کا کہنا تھا کہ ڈیزل سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 27 روپے 88 پیسے فی یونٹ آئی۔

سی پی پی اے کے مطابق فرنس آئل سے 35 روپے 69 پیسے فی یونٹ کے حساب سے بجلی پیدا کی گئی جب کہ مقامی گیس سے 10.36 فیصد اور درآمدی ایل این جی سے 14.98 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ ایل این جی سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 28 روپے 28 پیسے فی یونٹ آئی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button