جرائم

نوشہرہ: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پیپلز پارٹی کے سابق رہنماء بھائی سمیت زخمی

نوشہرہ میں نقاب پوش موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ، پاکستان پیپلز پارٹی سے مستعفی ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت کرنے سے قبل ہی سیاسی سماجی شخصیت پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں سیاسی رہنما معتصم باللہ اور ان کا بھائی شدید زخمی ہو گئے۔

نوشہرہ پولیس کے مطابق گزشتہ روز دونوں بھائی تحریک انصاف میں شمولیت کرنے کیلئے شمولیتی جلسہ میں شرکت کے لیے اپنے گاوں پیرسباق جا رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر اندھادھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دونوں بھائی زخمی ہو گئے، پولیس کی تفتیشی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں جبکہ دونوں زخمیوں کو قاضی میڈیکل ہسپتال منتقل اور تھانہ نوشہرہ کینٹ میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر پرویز خٹک نے فائرنگ سے زخمی ہونے والے سیاسی و سماجی رہنما معتصم باللہ اور ان کے بھائی منصور کی قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیس میں عیادت کی اور ہسپتال انتظامیہ کو معتصم باللہ اور ان کے بھائی کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ ڈاکٹرز کے مطابق دونوں زخمیوں کی حالت بہتر اور خطرے سے باہر ہے۔

زخمی ہونے والے سیاسی سماجی رہنما نے کل شام چھ بجے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنی تھی۔

اس موقع پر پرویز خٹک کے ساتھ ان کے فرزند تحصیل نوشہرہ کے میئر اسحاق خٹک اور سابقہ ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل دیرلوئر، تحصیل لعل قلعہ میدان میں ممبر صوبائی اسمبلی ملک لیاقت علی خان کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایک پولیس، ایک لیویز کانسٹیبل، ملک لیاقت کا بھائی اور ان کا بھتیجا جاں بحق جبکہ ممبر صوبائی اسمبلی سمیت چار افراد زخمی ہو گئے تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button