جرائم

لوئر دیر: رکن صوبائی اسمبلی پر حملہ، 4 افراد جاں بحق 4 زخمی

دیرلوئر: سر تحصیل لعل قلعہ میدان میں ممبر صوبائی اسمبلی ملک لیاقت علی خان کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک پولیس، ایک لیویز کانسٹیبل، ملک لیاقت کا بھائی اور ان کا بھتیجا جاں بحق جبکہ ممبر صوبائی اسمبلی سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔

لوئر دیر پولیس کے مطابق واقعہ حدود تھانہ زیمدارہ میں گل کے مقام پر ملک لیاقت علی خان کے گھر کے قریب پیش آیا، حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونےمیں کامیاب ہو گئے جبکہ وقوعہ کے بعد لاشوں اور زخمی افرادکو تیمرگرہ سپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں پولیس کانسٹیبل نصیر، لیوی کانسٹیبل باچہ روان، ایم پی اے لیاقت کا بھائی محمد عالم اور بھتیجا یاسیر جبکہ زخمیوں میں رکن صوبائی اسمبلی لیاقت، ان کا سیکرٹری شعیب خان، شاکر اللہ بعمر 26 سال اور 14 سالہ حذیفہ شامل ہیں۔ زخمیوں میں ممبر صوبائی اسمبلی کی حالت نازک بتائی گئی۔

ملک لیاقت علی خان (فائل فوٹو)

دوسری جانب وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ملک لیاقت اور ساتھیوں پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کے اعلی حکام کو حملے میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعلی نے ملک لیاقت اور دیگر زخمیوں کی صحت یابی کے لئے نیک خواہشات، پولیس اور لیویز اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت اور شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی اور کہا کہ ملک لیاقت اور ساتھیوں پر حملہ انتہائی قابل مذمت اور بزدلانہ اقدام ہے۔

اس حوالے سے جاری ایک بیان میں محمود خان نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے کسی صورت بچ نہیں سکتے، فائرنگ میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کر کے کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

ادھر ابھی کچھ ہی دیر قبل پشاور کے علاقہ سخی پل میں پولیس چوکی پر ہینڈ گرینیڈ سے حملہ ہوا، خوش قسمتی سے حملے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ پولیس کی جوابی کاروائی سے حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button