باڑہ اور نوشہرہ میں پولیس پر حملے، ایک اہلکار جاں بحق 3 زخمی
باڑہ اور نوشہرہ میں پولیس پر حملوں کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق جبکہ ایک پولیس اہلکار سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔
زرائع کے مطابق باڑہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس سب انسپکٹر انداز گل جاں بحق ہوا ہے، سب انسپکٹر انداز گل ڈیوٹی کے لیے گھر سے نکلے تو انہیں برقمبر شینکو ڈاگری میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے زخمی کر دیا، پولیس نے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او خیبر عمران خان پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے، ملزمان کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا، تفتیشی افسران نے موقع سے شواہد اکٹھے کئے تاہم تاحال کسی کی گرفتاری کی اطلاعات نہیں آئیں۔
دوسری جانب نوشہرہ، اکوڑہ خوڑ بازار میں پولیس موبائل پر دوران گشت نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ڈیوٹی پر مامور پولیس کانسٹیبل وقاص سمیت دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔
ڈی پی او نوشہرہ محمد عمر گنڈاپور کے مطابق زخمیوں میں بازار کا چوکیدار انعام صوفی بھی شامل ہے، ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب، زخمی پولیس اہلکار کو قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ منتقل کر دیا گیا، جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ محمد عمر خان گنڈاپور نے تصدیق کی ہے کہ سال رواں کے دوران نوشہرہ میں پولیس فورس پر مسلح حملوں میں اضافہ ہوا ہے، سال 2022 میں اب تک 4 پولیس اہلکار شہید جبکہ 5 زخمی ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 16 جولائی کو باڑہ شلوبر میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے دو پولیس اہلکاروں کو شہید کر دیا تھا۔
پولیس کے مطابق باڑہ شلوبر کے نواحی ارجلی ندے چیک پوسٹ پر پولیس اہلکار اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہے تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد آئے اور ڈیوٹی پر مامور اہلکار سید کریم اور عبدالرحمان پر فائرنگ کر دی جس سے دونوں زخمی ہو گئے، ان کو طبی امداد کیلئے ہسپتال لے جانے کی کوشش کی گئی تاہم شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دونوں دم توڑ گئے تھے۔