شمالی وزیرستان: فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 4 دہشت گرد مارے گئے
شمالی وزیرستان: تحصیل دتہ خیل میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین جھڑپ کے نتیجے میں چار دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
سیکورٹی زرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق حافظ گل بہادر گروپ سے ہے، ایک کا نام شیر آواس خان جبکہ باقی 3 کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں جدید اور بھاری اسلحہ برآمد کیا گیا۔
دوسری جانب شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے، گزشتہ روز تحصیل میر علی گاؤں ویدک میں جمیعت علمائے اسلام سے تعلق رکھنے والے ویلج کونسل 2 کے چیئرمین مرتضیٰ داوڑ کو نامعلوم افراد نے قتل کر دیا۔
اسی طرح باجوڑ کی تحصیل ماموند کے لرخلوزو ہسپتال کے سامنے نامعلوم افراد کی چلتی گاڑی پر فائرنگ سے 2 افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں علاج کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار منتقل کر دیا گیا جہاں ایک شخص زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔
وقوعہ کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے جگہ جگہ چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
اس سے قبل مردان میں نامعلوم ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر کے ایک کانسٹیبل کو قتل اور ایک کو شدید زخمی کر دیا جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس تھانہ بائیزے کاٹلنگ کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب بابوزئی کے علاقے میں سیروتفریح کے مقام گڑھی ریسٹ ہاؤس پر ایلیٹ پولیس اہلکار عطاء اللہ، مردان پولیس لائن کا سپاہی عدنان اور تھانہ بائزئی کے سپاہی عنایت سادہ کپڑوں میں موجود تھے کہ نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کی جس سے عطاء اللہ اور عنایت لگ کر شدید زخمی ہو گئے، اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 نے پولیس اہلکاروں کو زخمی حالت میں مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا جہاں پرایلیٹ کانسٹیبل عطاءاللہ سکنہ کاٹلنگ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔
ہسپتال پولیس نے واقعے میں بچ جانے والے پولیس سپاہی عدنان کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر دیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی نامعلوم دہشت گردوں کی جانب مردان کی پولیس چوکی چمتار پر بم حملے میں ایک ہیڈکانسٹیبل جاں بحق جبکہ دو اہلکار سمیت چار افراد شدید زخمی ہو گئے تھے۔
اسی روز تھانہ تیراہ کی حدود، علاقہ متھرے اکاخیل میں نامعلوم افراد کی جانب سے پولیو ٹیم پر فائرنگ سے چار پولیس اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔