سیاست

خیبر پختونخوا: 1332 ارب کا بجٹ پیش، پنشن میں 15، تنخواہوں میں 16 فیصد اضافہ

خیبر پختونخوا حکومت نے مالی سال 23-2022 کا 1332 ارب مالیت حجم کا بجٹ پیش کر دیا۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے سالانہ صوبائی بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا دہشت گردی کا شکار صوبہ تھا لیکن اب سرمایہ کاری کا مرکز بن  چکا ہے، یہ وہ ترقی کا سفر ہے جو خیبر پختونخوا نے پی ٹی آئی حکومت میں کیا ہے۔

تیمور سلیم جھگڑا نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے لیے صوبے کا بجٹ 1 ہزار 332 ارب روپے رکھا گیا ہے، بندوبستی اضلاع کے اخراجات کا تخمینہ 1109 ارب روپے لگایا ہے جبکہ ضم اضلاع کے اخراجات 223 ارب ہوں گے۔

وزیر خزانہ کے مطابق وفاق کی ٹیکس محصولات کا تخمینہ 570 ارب 90 کروڑ لگایا گیا ہے جبکہ وفاق سے آئل اور گیس رائلٹی کی مد میں 31 ارب روپے ملیں گے، بجلی کے خالص منافع اور بقایاجات کی مد میں 61 ارب 90 کروڑ ملنے کی توقع ہے جبکہ قبائلی اضلاع کے لیے 208 ارب روپے کی گرانٹس ملنے کی توقع ہے۔

تیمور سلیم جھگڑا نے بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کی مد میں 68 ارب 60 کروڑ روپے ملیں گے جبکہ صوبائی ٹیکسوں کی مد میں 85 ارب روپے وصول ہوں گے، اس کے علاوہ 93 ارب روپے کی غیرملکی امداد بھی بجٹ میں شامل ہے، دیگر محاصل کا تخمینہ 212 ارب روپے لگایا گیا ہے۔

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کیلئے 447 ارب 90 کروڑ مختص

صوبائی وزیر خزانہ کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 16 فیصد اور پنشن میں 15 فیصد اضافہ کر رہے ہیں، بجٹ میں تنخواہوں کے لیے 447 ارب 90 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ سرکاری ملازمین کی پنشن کے لیے 107 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنشن پروگرام ختم نہیں کر رہے بلکہ پنشن فنڈ قائم کر رہے ہیں، فی الحال پنشن فنڈ میں نئے ملازمین کو ڈال رہے ہیں، اسکیم کا نام کنٹری بیوٹری پنشن اسکیم ہو گا، نئے بھرتی سرکاری ملازم کی بنیادی تنخواہ کا 10 فیصد اسکیم میں شامل ہو گا۔

تیمور سلیم جھگڑا نے بتایا کہ  50 ہزار تنخواہ والے نئے ملازم کے پنشن فنڈ میں 10 فیصد رقم یعنی 5 ہزار جمع ہوں گے، حکومت اس کے مقابلے میں 12 فیصد رقم یعنی 6 ہزار روپے جمع کرے گی، 50 ہزار کمانے والے ملازم کے پنشن فنڈ میں ہر ماہ 11 ہزار روپے جمع ہوں گے یعنی ہر ماہ پنشن فنڈ میں ملازم کے جمع 11 ہزار روپے انویسٹ ہوں گے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ پہلے سال پنشن کنٹری بیوشن فنڈ میں 11 سے 12 ارب روپے آئیں گے، 6 سال میں پینشن فنڈ 100 ارب روپے کا بن جائے گا، پشنن فنڈ سے انویسٹ کی گئی رقم سے صوبے کی معیشت کو ترقی ہو گی۔

پولیس شہداء پیکج میں اضافہ

تیمور سلیم جھگڑا کے مطابق سرکاری ملازمین کے لیے 15 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس بجٹ میں شامل ہے اور ایڈہاک ریلیف الاونس ڈی آر اے کے علاوہ ہے، پولیس شہداء پیکج کو بڑھا دیا گیا ہے، گریڈ 6 سے 16 تک پولیس کے شہدا پیکج کو بڑھا دیا گیا ہے جبکہ گریڈ 7 سے 16 تک کے پولیس اہلکاروں کے رسک الاؤنس میں ڈی آر اے کے برابر اضافہ کیا گیا ہے۔

صحت کارڈ کیلئے 25 ارب روپے مختص

صوبائی وزیر خزانہ نے بتایا کہ پچھلے سال کے مقابلے میں صحت کے بجٹ میں 55 ارب کا اضافہ کیا گیا ہے، صحت کارڈ پلس میں سرکاری ملازمین کے لیے بھی او پی ڈی کی سہولت ہو گی، گزشتہ سال 8 لاکھ افراد نے صحت کارڈ کے ذریعے علاج کرایا، اس سال صحت کارڈ کا بجٹ 25 ارب روپے رکھا گیا ہے اور جگر کی پیوندکاری سمیت مزید 5 بیماریوں کا علاج صحت کارڈ میں شامل کر رہے ہیں، اس کے علاوہ بجٹ میں 10 ارب روپے مفت ادویات کی فراہمی کے لیے رکھے گئے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button