امریکہ، سکول میں فائرنگ سے 19 بچوں سمیت 21 افراد ہلاک
امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک سکول میں فائرنگ کے واقعے میں 19 بچوں سمیت 21 افراد ہلاک ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق فائرنگ کرنے والے ملزم کو بھی ہلاک کیا جاچکا ہے۔
بی بی سی رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دوسری سے چوتھی جماعت تک کے بچے شامل ہیں جنکی عمریں سات سے دس سال تک بتائی گئی ہے۔
یہ واقعہ ٹیکساس ریاست کے اوالڈے شہر میں پیش آیا جس کے دوران 18 سالہ شخص نے روب ایلیمنٹری سکول میں فائرنگ کی۔
ٹیکساس کے گورنرگریگ ایبٹ کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث شخص نے ہینڈ گن اور رائفل کا استعمال کیا۔ دوسری جانب پولیس نے لوگوں کو سکول سے دور رہنے کی ہدایات کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔
یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکہ میں ایسے پرتشدد واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ امریکہ کی مقامی میڈیا کے مطابق ملزم نے سکول میں فائرنگ سے قبل ممکنہ طور پر ایک خاتون کو بھی مارنے کی کوشش کی۔ رپورٹس کے مطابق حملہ آور ایک مقامی ہائی سکول کا طالبعلم تھا۔ مذکورہ سکول میں پانچ سو کے قریب بچے پڑھ رہے تھے جن کو بحفاظت سکول سے نکال دیا گیا ہے۔
2012 میں امریکی ریاست کنٹیکٹ میں ایک سکول میں فائرنگ کے واقعے میں بچوں سمیت 26 افراد ہلاک ہوئے تھے، اس کے بعد 2018 میں ٹیکساس میں ہی سانتا فے ہائی سکول میں ایک طالبعلم کی فائرنگ سے 10 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں پاکستانی طالبہ سبیکا عزیز شیخ بھی شامل تھیں۔