یورپی یونین اور یو این ایچ سی آر کے وفد کا حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کا دورہ
پشاور: افغانستان میں تعینات یورپی یونین اور یو این ایچ سی آ ر کے سینئر مندوبین اور یو این ایچ سی آر راہا پاکستان کے افسران نے میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد صحت کے شعبے میں ایچ ایم سی اور اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی اور یورپی یونین کی مشترکہ کاوشوں کا جائزہ لینا تھا۔
وفد نے افغان مہاجرین کی احسن طریقے سے میزبانی کرنے پر پختونخوا حکومت اور اس کے عوام کی کوششوں کو سراہا۔ وفد نے افغان مریضوں کی بڑی تعداد میں ہسپتال آمد اور حالیہ کورونا وبائی صورتحال میں ہسپتال کی طرف سے فراہم کردہ خصوصی خدمات کی تعریف کی۔
وفد میں یورپی یونین افغانستان کے انٹرنیشنل ایڈ کوآپریشن آفیسر، مائیگریشن اینڈ فورسڈ ڈسپلیسمنٹ جان مٹکے، پاکستان اور ایران ای یو۔ایکو کی سربراہ تہیمی تھمناگوڈا، سینئر ایکسٹرنل ریلیشنز آفیسر آئفی مکڈونل اور دیگر شامل تھے۔
میڈیکل ڈائریکٹر ایم ٹی آئی ایچ ایم سی پروفیسر ڈاکٹر شہزاد اکبر نے وفد کو ہسپتال اور اس کے مختلف شعبوں کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایچ ایم سی گزشتہ ایک دہائی سے خیبر پختونخواہ میں افغان مہاجرین کو صحت کی سہولیات بلاتفریق فراہم کر رہا ہے۔ شہزاد اکبر نے یو این ایچ سی آر اور یورپی یونین کا تھیلیسیمیا کے مریضوں کے علاج اور ہسپتال میں تشخیصی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے وسیع پیمانے پر تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایچ ایم سی، یواین ایچ سی آر اور یورپی یونین کے درمیان مستقبل میں تعاون کے لئے ہسپتال میں بننے والے نئے ایمرجنسی اور آرتھوپیڈک یونٹس پر بھی روشنی ڈالی۔
بعدازاں 128 سلائس سی ٹی سکین مشین باضابطہ طور پر ہسپتال کے ڈائریکٹر ایچ ایم سی ڈاکٹر شہزاد فیصل کے حوالے کی گئی اور مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کئے گئے۔ وفد نے ہسپتال کے مختلف شعبوں بشمول گیسٹرو اینٹرولوجی، ہیماٹالوجی ڈے کیئر سنٹر اور ریڈیالوجی کے شعبوں کا بھی دورہ کیا اور ہسپتال میں جدید سہولیات کو سراہا۔ ہسپتال کے ڈائریکٹر نے بورڈ آف گورنرز کی جانب سے یواین ایچ سی آر اور یورپی یونین کے مسلسل تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں افغان مہاجرین کو صحت کی سہولیات کی فراہمی بلاامتیاز کی جاتی ہے، اور افغانستان سے پاکستان آنے والے شہریوں کے لئے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس قریب ترین سرکاری ہسپتال ہے۔ ہسپتال انتیظامیہ کے مطابق گزشتہ ایک سال میں 236456 افغان شہریوں کو ایمرجنسی اور او پی ڈی میں صحت کی سہولیات فراہم کی ہیں جن میں سے 1123 نے ایم آر آئی کی سہولت بھی حاصل کی ہے۔