سیاست

عمران خان وزیر اعظم نہیں رہے، کابینہ ڈویژن کا نوٹیفیکیشن جاری

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ملک کے وزیر اعظم نہیں رہے،  اس حوالے سے کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق اس اعلامیے کا اطلاق فوری ہو گا۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاتٓری نوٹیفکیشن کے مطابق صدر مملکت کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 58 (1) کے تحت قومی اسمبلی تحلیل کرنے کے بعد عمران خان نیازی اب وزیراعظم نہیں رہے۔

واضح رہے کہ آج (3 اپریل) سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونا تھی تاہم ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک کو آئین کے خلاف قرار دے کر مسترد کر دیا۔ بعدازاں وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں کہا کہ انہوں نے صدر کو اسمبلی تحلیل کرنے کا کہہ دیا ہے قوم الیکشن کی تیاری کرے۔

عمران خان کے خطاب کے بعد صدر عارف علوی نے قومی اسمبلی تحلیل کر دی تاہم اپوزیشن نے اس سارے عمل کو غیرآئینی قرار دیا اور اسمبلی کے اندر ہی دھرنا دے دیا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے اس غیرآئینی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج ہی اس کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر رہے ہیں۔

دوسری جانب چیف جسٹس آپ پاکستان نے قومی اسمبلی کی کارروائی پر ازخود نوٹس لیا جس کی آج ابتدائی سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے ریاستی عہدیداروں کو کسی بھی ماورائے آئین اقدام سے روک دیا، بینچ میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اعجاز الاحسن شامل ہیں۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کوئی حکومتی ادارہ غیر آئینی حرکت نہیں کرے گا، تمام سیاسی جماعتیں اور حکومتی ادارے اس صورتحال سے فائدہ نہیں اٹھائیں گے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے حکم دیا کہ امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھا جائے، عدالت کا حکم آج کیلئے یہی ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری دفاع امن وامان کی صورتحال سے عدالت کو آگاہ کریں اور ریاستی ادارے اورصوبائی قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان صورتحال برقرار رکھیں۔

سپریم کورٹ نے سوال اٹھایا کہ تحقیقات کے نتائج حاصل کیے بغیر اسپیکر آرٹیکل 5 کے تحت رولنگ کیسے دے سکتے ہیں؟ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ وزیر اعظم، صدر اور ڈپٹی اسپیکر کے اٹھائے گئے اقدامات عدالتی فیصلے سے مشروط ہوں گے، عدالت ڈپٹی اسپیکر کے اقدامات کا جائزہ لے گی۔ چیف جسٹس نے پیپلزپارٹی کی درخواست مقرر کرنے کی ہدایت کی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button