سیاست

اپوزیشن جماعتوں کی پشت پر مغربی طاقتیں ہیں۔ مولانا محمد خان شیرانی

غلام اکبر مروت

جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی امیر مولانا محمد خان شیرانی نے کہا ہے کہ اگرچہ سابقہ روایات کے مطابق مرکزی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کبھی کامیاب نہیں ہوئی لیکن اس بار اپوزیشن جماعتوں کی پشت پر مغربی طاقتیں ہیں، وہ لکی مروت میں تربیتی کنونشن کے بعد "ٹی این این” سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں صدارتی نظام لانے کی باتیں ہو رہی ہیں جو اسلامی نظام کا نعم البدل ہرگز نہیں البتہ موجودہ پارلیمانی نظام سے بہتر ضرور ہے کیونکہ صدارتی نظام سے حکومتی اخراجات کم ہو جائیں گے، صدارتی نظام میں وزیراعظم ہاؤس، اور وزراء اعلی کے سٹاف کے اخراجات نہیں ہوں گے بلکہ صدر اہل اور ماہرین پر مشتمل کابینہ تشکیل دے سکے گا، پارلیمانی اور صدارتی نظام دراصل مغربی نظام حکومت ہے، جس کا ایجنڈا فکری آزادی ہے یعنی فکر، شخص، سیاست اور معیشت خالق سے آزاد ہو۔

حالیہ عدم اعتماد کی تحریک کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے مولانا محمد خان شیرانی نے کہا کہ جس طرح اپوزیشن کو عدم اعتماد لانے کا حق حاصل ہے اسی طرح حکومت کو بھی دفاع کا حق حاصل ہے، پاکستان میں پیشن گوئی اس لئے نہیں کی جا سکتی کہ یہاں اصولوں کی سیاست نہیں بلکہ یہاں سودے بازیاں ہوتی ہیں، اب بین الاقوامی حالات کچھ اور ہیں، اصل بات عمل کرنے والوں کی نیتوں پر ہے، اب مشرق یعنی روس کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے اعلان پر مغرب شدید دباؤ میں ہے، اب اسٹیبلشمنٹ مغرب جبکہ سیاسی قیادت مشرق کی جانب تعلقات بنانے میں مصروف ہے۔

وزیر اعظم کے حالیہ دورہ روس اور یورپی یونین کے خط کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چونکہ ہم گھر کے بھیدی نہیں اس لئے ہمیں صحیح معلومات نہیں لیکن جبر کے ذریعے کسی پر اپنی رائے مسلط کرنا بھی ٹھیک نہیں۔

اس سے قبل لائبریری ہال میں جمعیت علماء اسلام پاکستان کے زیراہتمام تربیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری اسٹبلشمنٹ عالمی اسٹبلشمنٹ کا حصہ جبکہ کام کرنے والے ہمارے اپنے ہیں، جن پالیسیوں کی وجہ سے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے یہ صرف جمہوری حکومت کے اقدامات نہیں بلکہ ریاستی ادارے بھی ان کے ذمہ دار ہیں، اگر ہمارے ریاستی ادارے حکومت کے ساتھ ہیں تو تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہو سکتی۔

تربیتی کنونشن سے مرکزی امیر مولانا شجاع الملک، صدر عبدالوحید، ضلعی امیر مولانا زعفران اللہ، نائب امیر مولانا مطیع اللہ، جنرل سیکرٹری مولانا شبیر احمد، ضلعی ترجمان مولانا ثناء اللہ، مفتی عبدالغنی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر تحصیل میئر سرائے نورنگ عزیزاللہ خان بھی موجود تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button