کھیل

جاوید آفریدی دنیائے فٹبال کے مہنگے ترین کلب کے خریداروں میں شامل

ٹی این این رپورٹ

پاکستان سپرلیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک، زلمی فاؤنڈیشن کے چیئرمین اور ہائر پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) جاوید آفریدی بھی دنیائے فٹبال کے مشہور کلب چیلسی کو خریدنے کے خواہاں ہیں۔

اس حوالے سے ٹوئٹر پر سوئے میڈریڈسٹا نامی ایک اکاؤنٹ پر یہ معلومات دی گئی ہی کہ پاکستان کے جاوید آفریدی بھی ابرامووچ سے چیلسی کلب خریدنے والوں کی دوڑ میں شامل ہیں۔

خیال رہے کہ رومن آرکیڈاوچ ابراموچ روس سے تعلق رکھنے والے ایک سیاستدان، ارب پتی کاروباری شخصیت ہیں جو روسی صدر پوتن کے ساتھ قریبی تعلقات کے باعث روس سے باہر دنیا پر موجود اپنے اثاثے فروخت کرنے پر مجبور ہوئے ہیں جن میں سے ایک انگلش فٹبال کلب چیلسی بھی شامل ہے جسے انہوں نے 2003 میں خریدا تھا۔

اس حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ جاوید آفریدی کے وفد نے برطانیہ میں کھیلوں اور قانونی ایجنسی کے حکام سے ملاقات کی ہے۔

ٹی این این نے اس سلسلے میں جاوید آفریدی کا موقف جاننے کے لئے ان سے رابطہ کی کوشش کی ہے، ان کا موقف سامنے آتے ہی ٹی این این کے قارئین کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔

مین سٹریم میڈیا پر اس حوالے سے سامنے آنے والے جاوید آفریدی کے موقف کے مطابق وہ بعض دیگر غیرملکی سرمایہ کے ساتھ مل کر یہ سودا طے کرنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ 24 فروری کو روس نے یوکرین پر دھاوا بول دیا تھا اور اس وقت بھی وہاں حالات کشیدہ ہیں، روس یوکرین کے دارالحکومت کیف سمیت دیگر علاقوں میں پیشقدمی کر رہا ہے جبکہ یوکرینی افواج اور عوام کی جانب سے اسے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

یوکرین پر روس کی جانب سے حملے کے بعد دنیا بھر میں خصوصاً مغرب میں موجود روسی کاروباری و غیرکاروباری افراد شدید دباؤ کا شکار ہیں، ابرامووچ سمیت دیگر روسی ارب پتی و کاروباری افراد بھی اپنے اثاثے فروخت کرنے یا انہیں تحفظ فراہم کرنے کی تگ و دو میں مصروف ہیں۔ ناقدین کی رائے یا تاثر کو اپنے حق میں نرم کرنے کے لئے ابرامووچ نے کلب سمیت اپنے دیگر اثاثوں کے فروخت سے حاصل ہونے والی آمدن میں یوکرائن کے پناہ گزینوں کی مدد کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔

ادھر رومن ابرامووچ نے چیلسی (فٹبال کلب) کی نیلامی کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ ایک امریکی ٹائیکون کے ساتھ اس سلسلے میں ان کی بات چیت جاری ہے، تاہم اس کے بعد چند دیگر شخصیات نے بھی اس کلب کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے جن میں جاوید آفریدی بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ غیرملکی میڈیا زرائع  کے مطابق ابرامووچ نے کلب کی بولی 3 ارب پاؤنڈ یا 4 ارب ڈالر لگائی ہے، یہ رقم پاکستانی کرنسی میں سات سو ارب روپے سے زائد بنتے ہیں۔

یہ بھی واضح واضح رہے کہ 2003 میں ابرامووچ کی ملکیت میں آنے کے بعد چیلسی نے قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اس کلب نے اب تک پانچ پریمیئر لیگاور پانچ ایف اے کپ ٹرافیز کے ساتھ ساتھ دو مرتبہ 2012 اور 2021 میں چیمپئنز لیگ بھی جیتی ہے۔

 

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button