کھیل

گنیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر عرفان محسود 30 لاکھ کی گرانٹ کو لے کر کیا کریں گے؟

محمد فہیم

جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے گنیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر عرفان محسود اپنی جیم میں لڑکوں کے ساتھ ساتھ لڑکیوں کے لئے بھی کھیل کود کی سہولیات کا انتظام کرنا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ حال ہی میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے عرفان محسود کے لئے تیس لاکھ روپے کی گرانٹ اور جیم کے لئے اراضی دینے کا اعلان کیا ہے۔

ٹی این این کے ساتھ اس حوالے سے گفتگو میں گنیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر نے بتایا کہ ضلع ٹانک میں محسود قومی جرگہ تھا جس میں کور کمانڈر پشاور لیٖفٹیننٹ جنرل فیض حمید، آئی جی ایف سی ساؤتھ، کمشنر ڈیرہ، ڈپٹی کمشنر ٹانک اور ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان کے علاوہ وزیرستان کے ایم این اے اور ایم پی ایز بھی موجود تھے۔ اور اس موقع پر کورکمانڈر پشاور نے 30 لاکھ روپے کی گرانٹ اور جیم کیلئے اراضی دینے کا اعلان کیا۔

عرفان محسود کے مطابق اس انڈر ہال/جیم کے بننے سے ہماری سرگرمیوں میں مزید نکھار آئے گا کیونکہ ہم بغیر سہولیات اور سپورٹ کے عالمی سطح پر گنیز ریکارڈ بنا سکتے ہیں، عالمی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیت سکتے ہیں تو جب ہمیں ساری سہولیات میسر ہوں گی، ہم ہر موسم میں بغیر کسی دشواری کے پریکٹس کر سکیں گے تو ہمارا وقت بھی ضائع نہیں ہو گا، ہم اپنی گیم کو مزید بہتر بنا سکیں گے اور عالمی سطح پر اپنے ملک و قوم کا نام اس سے بہتر انداز میں روشن کر سکں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ابھی تک ہمیں محکمہ کھیل وزیرستان، پاک آرمی اور مختلف نجی اداروں نے ہمیں آلات مہیا کئے تھے لیکن یہ تھا کہ ہماری ضروریات زیادہ تھیں اور ہمارے پاس وہ سہولیات نہیں تھیں جو بڑے شہروں کی بڑی جیموں میں دستیاب ہیں، ”ساتھ میں ہماری کوشش ہے، بچوں، لڑکوں کو ہم ٹرین کر رہے ہیں، ہمیں اگر سہولیات دی جائیں، ہمارے لئے اگر یہ جیم بن جائے تو میرا ارادہ ہے کہ ہماری جو چھوٹی بچیاں ہیں ان کے لئے ہم اپنی جیم میں کلاسز سٹارٹ کریں گے تاکہ بچے اور بچیاں دونوں اس سے مستفید ہو سکیں۔’

عرفان محسود کے مطابق اعلان کردہ گرانٹ سے ایک بہترین اِن ڈور ہال بنے گا، ”یہ کئی سالوں سے ہمارا بنیادی مسئلہ تھا جسے ہم نے مختلف پلیٹ فارمز پے، سوشل میڈیا، ٹی وی اور ریڈیو چینلز پر اٹھایا ہوا تھا کہ ہمیں اِن ڈور ہال/جیم مہیا کیا جائے تاکہ ہم بغیر مشکلات کے اپنی گیم جاری رکھ سکیں کیونکہ ہم سیکنڈ ٹائم میں ایک نجی ادارے میں گیم کرتے ہیں جس میں ہم مٹی میں کھیلتے، ٹائروں کے اوپر پریکٹس کرتے ہیں کیونکہ ہمارے پاس آلات نہیں ہیں، تو یہ ہمارے لئے خوشی کا مقام ہے کہ ہمارے لئے اِن ڈور جیم کا اعلان ہوا ہے، امید ہے اس پر جلد عملی کام شروع کیا جائے گا۔”

مالی گرانٹ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اگر یہ پیسے ہمیں آلات کیلئے دیئے گئے ہیں تو ان سے ہم آلات خریدیں گے اور اگر اس کے ساتھ انہوں نے زمین دی اور کہا کہ ان سے ہال بناؤ تو پھر ان تیس لاکھ روپوں سے ہم ہال بنائیں گے۔

واضح رہے کہ عرفان محسود ملک کے ٹاپ مارشل آرٹسٹوں میں سے ایک ہیں جن کے 43 ریکارڈ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈر میں درج ہیں۔ وہ 25 دسمبر 1989ء کو جنوبی وزیرستان کے گاؤں حلال الگڈ تحصیل لدھا میں پیدا ہوئے۔ عرفان محسود قومی، کے پی اور فاٹا لیول کے ووشو اور شاولین ووشو کنگ فو میں گولڈ میڈلسٹ بھی ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button