ڈیرہ: محبت میں ناکامی پر نوجوان نے محبوبہ کے گھر کے سامنے خود کو گولی مار دی
ڈیرہ اسماعیل خان: محبوبہ کو پانے میں ناکامی پر نوجوان نے محبوبہ کے گھر میں اس کے سامنے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی، متوفی کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے سپرد کر دی گئی۔
ڈیرہ پولیس کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود کچی پائند خان میں سولہ سالہ نوجوان اظہر عباس نے اپنی محبوبہ کو پانے میں ناکامی پر اس کے گھر جا کر محبوبہ کے سامنے خودکشی کی نیت سے پسٹل کا فائر کر کے خود کو شدید زخمی کر لیا، نوجوان کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا اور دم توڑ گیا۔
ذرائع کے مطابق اظہر عباس نے اپنی محبوبہ سے شادی کے لئے سرتوڑ کوششیں کیں لیکن لڑکی کے والدین نے اس کی شادی کہیں اور کرا دی تھی لیکن اظہر نے اس کا پیچھا پھربھی نہ چھوڑا جس پر اسے طلاق ہو گئی تھی۔
لڑکی کے والدین نے نوجوان کو ہی موردالزام ٹھہراتے ہوئے اسے رشتہ دینے کی بجائے اس کا نکاح لڑکی کے کزن کے ساتھ کر دیا، دو روز بعد اس کی شادی طے تھی کہ نوجوان نے دلبرداشتہ ہو کر انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے لڑکی کے گھر میں اس کے سامنے خود پر گولی چلا دی۔
پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کر کے مزید چھان بین شروع کر دی۔