صحت

خیبرپختونخوا میں اومی کرون کا پہلا کیس سامنے آ گیا

خیبرپختونخوا میں کرونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے جس کی وزیرصحت نے تصدیق بھی کر دی ہے۔

ترجمان محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق اومی کرون سے متاثرہ مریض کا تعلق مانسہرہ سے ہے اور وہ راولپنڈی کا رہائشی ہے، متاثرہ شخص کا کن کن لوگوں سے رابطہ ہوا اس کا پتہ چلانے کے لیے اضافی ٹیمیں تفویض کی گئی ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہےکہ مانسہرہ میں ویکسی نیشن کی شرح مزید بڑھانے کیلئے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹویٹ میں صوبائی وزیر  صحت تیمور خان جھگڑا نے اومیکرون کے پہلے کیس کی تصدیق کی ہے۔

صوبائی وزیر صحت تیمور خان جھگڑا نے کہا کہ انہوں نے کورونا کے پچھلے 4 لہروں کا بھی مقابلہ کیا ہے اور اب بھی محکمہ صحت تیار ہے،کورونا سے بچاو کے لیے بہترین طریقہ ایس او پیز پر عملدرآمد ہے۔

خیال رہے کہ اومیکرون کا پہلا کیس نومبر میں جنوبی افریقہ میں سامنے آیا تھا اور اب تک پاکستان سمیت 40 سے زائد ممالک تک پھیل چکا ہے۔ پاکستان میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ کراچی شہر ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ حالیہ لہر کے دوران وبا کا سب سے زیادہ اثر کراچی پر آنا شروع ہوا، گزشتہ 2 ہفتوں میں سندھ میں کورونا کیسز میں صرف 166 فیصد کا اضافہ ہوا لیکن اسی عرصے میں کراچی میں 940 فیصد کا اضافہ ہوا۔

این سی او سی میں ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون سے بچاؤ کے لیے سب سے زیادہ اہم ویکسینیشن ہے جو اس سے حفاظت میں بہت بڑا کردار ادا کرسکتی ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ کورونا وائرس کی قسم اومیکرون سے بچنے کے لیے ماسک پہنیں، مجمع والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں اور جو شروع سے احتیاطی تدابیر بتائی جارہی ہیں ان پر عمل کریں۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button