سیاست

بلدیاتی انتخابات: چیئرمین، میئر اور کونسلر کے اختیارات اور ذمہ داریاں کیا ہیں؟

انور زیب

تحصیل چیئرمین

بلدیاتی انتخابات کے نتیجے میں تحصیل لیول پر جس امیدوار کا انتخاب ہو گا وہ چیئرمین کہلایا جائے گا۔ 19 دسمبر کو ہونے والے انتخابات میں 61 تحصیل چیئرمین منتخب ہوں گے جبکہ پانچ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کی سٹی تحصیل میں منتخب ہونے والوں کو میئر پکارا جائے گا۔ دونوں کے اختیارات میں فرق ہے۔

لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے مطابق تحصیل چیئرمین پوری تحصیل کا سربراہ ہو گا، اور اور تحصیل کے انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ اور سروس ڈیلیوری کی بہتری کیلئے سالانہ ٹائم فریم فراہم کرے گا۔ ایکٹ کے مطابق بوقت ضرورت تحصیل چیئرمین ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کوآرڈینیشن کرے گا اور سالانہ ترقیاتی پروگرام بنانے اور اس پر عملدرآمد کا نگران ہو گا۔

تحصیل کونسل میں سالانہ بجٹ اور لوکل گورنمنٹ کی ششماہی کارکردگی رپورٹ چیئرمین ہاؤس میں پیش کرے گا۔ اس طرح تحصیل کی سطح پر سرکاری دفاتر کی نگرانی بھی چیئرمن کی اتھارٹی میں ہے، جو ادارے تحصیل لوکل گورنمنٹ کے ماتحت نہیں ان کی سہ ماہی رپورٹ بھی ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ صوبائی محکموں کو بھیجنا چیئرمین کی اتھارٹی میں شامل ہے۔

تحصیل لوکل ایڈمنسٹریشن کے ذریعے مارکیٹ اور سروسز کو ریگولیٹ کرنا بھی تحصیل چیئرمین کے فنکشنز میں شامل ہیں۔ میونسپل قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے والے آفسز کو تحصیل چیئرمین سے اجازت لینی ہو گی۔

لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے مطابق ماتحت اداروں کے آفیسرز کو ایگزیکیٹو آرڈر کے تحت ڈسچارچ کرنا اور تحصیل لوکل ایڈمنسٹریشن کے اہلکاروں کے خلاف ڈسپلنری ایکشن کی ریکمنڈیشن بھی چیئرمین کے پاس ہے۔ عارضی غیرحاضری کے وقت ڈپٹی کو خود چیئرمین منتخب کرے گا۔

میئر کے اختیارات اور ذمہ داریاں

ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں سٹی تحصیل سے منتخب ہونے والا امیدوار میئر کہلایا جائے گا۔ آنے والے انتخابات میں کوہاٹ سٹی، بنوں، ڈی آئی خان، مردان اور پشاور شہر کے میئر منتخب ہوں گے۔ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے مطابق ان شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ، ماس ٹرانزٹ سسٹم، ایکسپریس ویز کی تعمیر، فلائی اوورز، پل، سڑکیں، انڈر پاسز کی تجاویز کی منظوری میئر کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

سیوریج، ٹریٹمنٹ پلانٹس، فلڈ کنٹرول پروٹیکشن، ہاسپٹل ویسٹ منیجمنٹ، تفریح گاہیں اور لائبریریز بھی میئر کے ماتحت کام کریں گے۔ اس طرح شہر کی تزین و آرائش، مختلف یادگاری مقامات، کمیونٹی سنٹرز بھی میئر کے پاس ہوں گے۔

ویلج کونسل یا نییرہوڈ کونسل کے اختیارات و فرائض

بلدیاتی انتخابات کا مقصد اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنا ہے اس لئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں کونسلوں کو بھی اختیارات تقویض کئے گئے ہیں جن میں ویلج کونسل(وی سی) کی سطح پر ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد اور مانیٹرنگ، متعقلہ ویلج کونسل میں ضروری ترقیاتی کاموں کی نشاندہی، پیدائش، اموات، شادی اور طلاقوں کی رجسٹریشن سرفہرست ہیں۔ وی سی یا این سی لیول پر کھیلوں اور ثقافتی ایونٹس کو ترتیب دینا اور سپانسر کرنا بھی کونسل کے اختیارات میں شامل ہے۔ ویلج لیول پر مویشی منڈی اور شوز آرگنائز کرنا، سروس پرووائڈر اداروں کی مانیٹرنگ کرنا اور ان کے متعلق رپورٹس تحصیل چیئرمین کو بھیجنا، وشل انڈیکیٹر کے حوالے سے اعداد وشمار اکٹھا کرنا بھی کونسل کے فنکشنز میں شامل ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button