پاکستان میں اومیکرون آنے کی خبر ابھی مصدقہ نہیں ہے: این سی او سی
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے ویرینٹ اومیکرون آنے کی خبر ابھی مصدقہ نہیں ہے۔ این سی او سی کے مطابق کراچی کی مریضہ کو ابھی تک مشکوک مریض ہی کہا جا سکتا ہے کیونکہ نجی ہسپتال نے مریض کا مکمل جینوم نہیں کیا۔
قومی ادارہ صحت میں سیمپل لینے کی کوشش کی جا رہی ہے، لہٰذا ٹیسٹ کے نتیجے کا ابھی انتظار کیا جائے۔
اس سے قبل، محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی کے آغا خان ہسپتال نے 8دسمبر کو خاتون میں اومیکرون ویرینٹ کی تصدیق کی ہے۔ خاتون بیرون ملک سے پاکستان آئی ہیں اور کووڈ پوزیٹو ہیں۔ محکمہ صحت سندھ کا مزید کہنا ہے کہ خاتون اپنے گھر میں ہی آئیسولیشن میں ہیں تاہم خاتون ویکسین شدہ نہیں تھیں۔ متاثرہ خاتون کی ٹریول ہسٹری بھی کوئی نہیں ہے اور وائرس کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی سے مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا کہا گیا ہے۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقا سے سامنے آنے والے کرونا کے انتہائی خطرناک ویرینٹ ’اومی کرون‘ کے کیسز امریکا، برطانیہ، بھارت اور جاپان سمیت بہت سے مغربی ممالک میں سامنے آچکے ہیں۔