امریکا میں اومی کرون کا پہلا کیس سامنے آ گیا
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے بعد امریکا میں بھی کرونا کی اومی کرون ویرینٹ کا پہلا کیس سامنے آگیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکا میں پہلا کیس لاس اینجیلیس میں سامنے آیا ہے۔ متاثرہ شخص جنوبی افریقہ سے 22 نومبر کو امریکا آیا تھا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق اومی کرون سے متاثرہ شخص ویکسین کا کورس مکمل کر چکا تھا، مریض کا علاج جاری ہے۔ متاثرہ شخص کی حالت بہتر ہو رہی ہے اور یہ مثال اس بات کو عیاں کرتی ہے کہ لوگوں کو ویکسین کے علاوہ بوسٹر شاٹس بھی لگوانے چاہیں۔ طبی حکام نے زور دیا ہے کہ بوسٹر لگوانا بہت ضروری ہے۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا ہے کہ تمام ممالک پُرسکون رہ کر اومی کرون کے خلاف حقیقی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ نئے ویرینٹ اومی کرون سے متعلق ابھی بہت سے سوالات جواب طلب ہیں، تمام ممالک منطقی، متناسب اور خطرے میں کمی لانے والے اقدامات کریں۔