بنوں: متحارب گروپوں میں مسلح تصادم، 2 افراد جاں بحق 3 زخمی
ضلع بنوں میں جائیداد کے تنازعہ پر 2 گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔
بنوں پولیس کے مطابق میراخیل کے علاقے میں 2 گروپوں میں طویل عرصے سے جائیداد کا تنازعہ چلا آ رہا تھا، دونوں گروپوں کے افراد نے آمنے سامنے آنے پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اور زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ واقعے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے جبکہ واقعے کے ذمے داروں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
شانگلہ اور تورغر کے مابین 120 سال سے جاری اراضی تنازعہ حل
دوسری جانب شانگلہ اور تورغر اقوام کے مابین 120 سال سے جاری زمین کا تنازعہ اصلاحی جرگے کی کوششوں سے حل کر دیا گیا۔
تحصیل مرتونگ کے علاقے کماچ نصرت خیل میں بڑے جرگے کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع تورغر اور شانگلہ یوسی نصرت خیل کے معززین نے شرکت کی۔ تنازعہ جو عدالتی ٹرائل لڑائی جھگڑوں کا شکار رہا، اصلاحی جرگے کی انتھک کوششوں سے ختم ہو کر محبت میں تبدیل ہوا اور مخالفین بغل گیر ہو گئے۔
اصلاحی جرگے سے عباد اللہ خان باچا، کماچ سے یارموس خان، فانوس، تاجبر خان، حاجی محمد سابق تحصیل ناظم جدبا، ایم پی اے لایق محمد کے کزن نصیر خان، سابق یوسی ناظم مارتونگ نذیر خان، ممتاز عالم دین مولانا سلطان نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر ایم پی اے لایق محمد خان کے کزن نصیر خان نے جرگے ا رکان کی کوششوں کو سراہا اور تورغر میں حجروں کی فعالیت کیلئے ایم پی اے لائق محمد خان کی طرف سے 3 کروڑ روپے بجٹ کا اعلان بھی کیا۔