کیا عامر خان تیسری بار شادی کا سہرا باندھنے جا رہے ہیں؟
بھارتی میڈیا میں اک بار پھر بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی تیسری بار دولہا بننے کی خبریں زیرگردش ہیں۔
بھارتی فلم انڈسٹری کے صف اول کے اداکاروں میں شمار ہونے والے عامر خان اپنی فلموں کے ساتھ ساتھ شادی اور طلاق کی وجہ سے بھی خبروں میں رہتے ہیں۔
مسٹر پرفیکشنسٹ نے رواں سال اگست میں اپنی دوسری بیوی کرن راؤ سے علیحدگی کی خبر دے کر اپنے پرستاروں سمیت تمام لوگوں کو حیرت زدہ کر دیا تھا۔
عامر خان اور کرن راؤ 2005 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے، دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے آزاد راؤ، اس جوڑی کا شمار بالی ووڈ کی خوبصورت جوڑیوں میں ہوتا تھا تاہم دونوں کی علیحدگی کی خبر نے مداحوں کو مایوس کر دیا تھا۔
متعلقہ خبریں:
طلاق کے بعد عامر خان اور کرن راؤ کا پہلا ویڈیو بیان
عامر خان نے مادھوری ڈکشٹ سے شادی کیوں نہیں کی؟
کرن راؤ عامر خان کی دوسری اہلیہ تھیں جبکہ ان کی پہلی بیوی کا نام رینا دتا ہے جس سے ان کے دو بچے ایرا اور جنید ہیں۔ عامر خان کی پہلی شادی کا انجام بھی طلاق کی صورت میں ہوا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر عامر خان کی تیسری شادی سے متعلق خبریں گردش کر رہی ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ عامر خان تیسری شادی کا اعلان اپنی فلم ’’لال سنگھ چڈھا‘‘ کی ریلیز کے فوراً بعد کریں گے کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ باکس آفس پر فلم کے چلنے کی راہ میں کوئی رکاوٹ یا مسئلہ آئے۔
شنید ہے کہ عامر خان اپنی ماضی کی ساتھی اداکاراؤں میں سے کسی ایک سے شادی کریں گے۔ اس سے قبل جب عامر خان اور کرن راؤ کی طلاق کی خبریں منظرعام پر آئی تھیں تو سوشل میڈیا صارفین نے دونوں کی طلاق کی وجہ اداکارہ فاطمہ ثنا شیخ کو قرار دیا تھا۔
یاد رہے کہ اداکارہ فاطمہ ثنا شیخ نے عامر خان کے ساتھ فلم ’’دنگل‘‘ میں کام کیا تھا۔ بعد ازاں دونوں فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ میں بھی ایک ساتھ نظر آئے تھے۔ دونوں ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں لہذا سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ شاید عامر خان فاطمہ ثنا شیخ سے تیسری شادی کرنے والے ہیں۔
مداحوں کی جانب سے ان دونوں کا نام آپس میں جوڑنا عام بات ہے لیکن ہمیشہ کی طرح عامر خان خود اپنی شادی اور جس سے وہ شادی کر رہے ہیں اس کے بارے میں اعلان کریں گے جس طرح انہوں نے اپنی طلاق کا اعلان کیا تھا۔