جرائم

مردان: ایک ہفتے کے دوران پانچ خواتین قتل

عبدالستار

مردان میں ایک ہفتے کے دوران تین مختلف واقعات میں پانچ خواتین کوگولیاں مارکر قتل کر دیا گیا جن میں تین خواتین گھریلو ناچاقی جبکہ دوکو غیرت کے نام پرقتل کیا گیا ہے۔

پہلا واقعہ علاقہ رستم میں سریخ کلے میں پیش آیا جس میں ملزم رحمت اللہ نے اپنی ستائیس سالہ بیوی مسماۃ سلمیٰ کو اور چچی چھتیس سالہ مسماۃ شہناز کو بدچلنی کے شبہ پر گھرکے اندر گولیاں مارکرقتل کردیا اورملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا پولیس تھانہ رستم نے بائیس سالہ ولی اللہ سکنہ سریخ کلے رستم کی رپورٹ پر اپنی بہن اورچچی کو غیرت کے نام پرقتل کرنے پرملزم کے خلاف دوہرے قتل کامقدمہ درج کردیا۔

دوسرے واقعے کے حوالے سے مردان کے شہری علاقہ مردان خاص دیگان خیل کے رہائشی محمد یاسین نے پولیس تھانہ ہوتی کو رپورٹ درج کرتے ہوئے کہ وہ گھرمیں موجود تھا کہ انہین اطلاع ملی کہ ان کی دوبہنیں مردان کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال میں قتل شدہ پڑی ہیں انہوں نے کہا کہ جب میں ہسپتال پہنچاتوپتہ چلا کہ ملزم شیرعلی نےاپنی بیوی اورمیری بہن اٹھتیس سالہ مسماۃ بسمین اوردوسری بہن اکتیس سالہ سعیدہ زوجہ طاہر جو کہ ملزم کی بھابی تھی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، پولیس کے مطابق دونوں کو گھریلو ناچاقی پر قتل کیا گیا ہے، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

تھانہ ہوتی کے انویسٹیگیشن آفیسر انسپکٹرمیراخان نےخواتین کے قتل کیس کے حوالے سے بتایاکہ پولیس اپنی تفتیش کررہی ہے لیکن ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم کی اپنی بیوی سے ہر وقت جھگڑا رہتا تھا مہینہ پہلےناراض ہوکرمیکے آئی ہوئی تھی لیکن بعدمیں ملزم کے دوسرے بھائی کی ذمہ داری پراسے گھرلے جایا گیا انوسٹیگیشن انسپکٹرمیراخان کے مطابق اسی رات بھی شوہراوربیوی کا جھگڑاہواتھا اورمقتولہ اپنے والد کے گھر واپس جانا چاہ رہی تھی اورملزم نے اپنی بیوی اوراس کی بہن جو ملزم کی بھابھی تھی کوگھرکے اندرقتل کردیا۔

انسپکٹرمیراخان نے کہا کہ پولیس کاکام ہے کہ کیس کی مختلف زاویوں سے تحقیق کریں یہ تو ابتدائی معلومات ہےہم مزید تفتیش کررہے ہیں جس میں  متعلقہ فیملی کے پڑوسوں سے بھی خفیہ معلومات اکٹھی کی جارہی ہے اورجب قاتل گرفتارکیاجاتاہےتواس سے بھی تفتیش کی جاتی ہے کہ ان دونوں خواتین کی قتل کی اصل محرکات کیا تھے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کبھی مدعی اورقاتل کی باتوں پر بھروسہ نہیں رکھتااوراپنے طریقہ کے مطابق تفتیش کرتاہے۔

تیسراواقعہ تھانہ لوندخوڑ کے علاقہ صافی آبادمیں پیش آیا جہاں شوہرنے بھائی سے مل کرگھریلو ناچاقی پر اپنی بیوی کو گھرکے اندرقتل کردیامقتولہ کے بھائی کے رپورٹ پر مقدمہ درج کردیاگیا۔

مردان میں خواتین کی حقوق پر کام کرنے والی خاتون نصرت اراء نے بتایاکہ  غیرت پر صرف خواتین کو ہی قتل کیا جاتاہے جبکہ جتنا گہناہ گار خاتون ہے اتنا مردبھی ہے۔

انہوں نے کہاکہ خواتین کا قتل اکثرغیرت کے نام پر ہوتا ہے جسے بعد میں گھریلوناچاقی یا خودکشی کا رنگ دیاجاتاہے اورخواتین کی کیسزمیں تفتیش بھی صحیح نہیں ہوتی جس کی وجہ سے یہ واقعات باربار رونما ہوتے ہیں۔

نصرت آراء نے کہا کہ اس سلسلے میں ریاست کوچائیے کہ اپنا کرداراداکرے اورصحیح تفتیش کرکے ملزمان کو سزا دلائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس قسم واقعات ماحول کی اثرکی وجہ سے اورخصوصاًگھریلو ماحول زیادہ تراثرانداز ہوتاہے ہمارے ہاں نہ اسلام کی تعلیمات پر عمل کیا جاتاہے اورنہ قانون پر کیونکہ مذہب میں لڑکا اور لڑکی کو ایک دوسرے کو دیکھنے اور رضامندی کی اجازت ہے لیکن ہم دیکھنا تو دور بات کرنے کی بھی اجازت نہیں دیتے جس کی وجہ سے بعدمیں ازدواجی زندگی میں مشکلات آنا شروع ہوجاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اکثرکم عمری میں شادی کرنے سے بھی ایسے مسئلے سامنے آجاتے ہے اوراکثربچیاں پھرشوہرکے گھرمیں توقعات پر پورانہیں اترتی جس سے گھروں میں خواتین پرتشددکے واقعات رپورٹ ہوجاتے ہیں۔

خواتین کے حقوق پر کام کرنے والی شادبیگم نے بتایا کہ ہرسال غیرت کے نام پرایک ہزارسے زائد خواتین کو قتل کیا جاتا ہے یہ وہ کیسز ہے جو رپورٹ ہوجاتے ہیں اس کے علاوہ ہمارے اداروں کے پاس ٹھوس اعدادوشمار موجودنہیں ہے جو کہ بہت بڑا المیہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت سی خواتین جو غیرت کے نام پر قتل کردی جاتی ہے لیکن وہ رپورٹ نہیں ہوتی اورخاندان والے بھی کوشش کرتے ہیں کہ مقدمے کودوسرا رنگ دیاجائے اورساتھ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ یہ ہماری گھریلوں مسئلہ ہے اس میں کسی کاکوئی کام نہیں ہے۔

شادبیگم نے کہا کہ ہمارے ہاں بہترین قانون موجود ہے لیکن اس پرعمل نہیں ہورہا اورملک میں غیرت کے نام پر قتل ہونے والی خواتین کے اعدادو شمارموجود نہیں ہوتے اورمتعلقہ اداروں کو اس پر کام کرناچاہئیے کیونکہ جب تک اعدادوشمارنہیں ہوتے توحکومتی پالیساں نہیں بن سکتی اور لوگوں کو انصاف دینا بھی ممکن نہیں ہوتا۔

دوسری جانب مردان پولیس نے رستم کی دوخواتین کے قاتل اورشیرگڑھ میں بیوی کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتارکرکے پابندسلاسل کردیاہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button