نقیب اللہ قتل کیس،دوسرے تفتیشی افسر نے کیس کی تیاری کیلئے مہلت مانگ لی
نقیب اللہ اور ساتھیوں کے قتل کیس میں مقدمے کے دوسرے تفتیشی افسر ڈاکٹر رضوان عدالت میں پیش ہوئے, ڈاکٹر رضوان کی جانب سے کیس کی تیاری کے لیے مہلت طلب کر لی گئی۔
جمعہ کو کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں نقیب اللہ اور ساتھیوں کے قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار، ڈی ایس پی قمر سمیت دیگر ملزمان کے علاوہ مقدمے کے دوسرے تفتیشی افسر ڈاکٹر رضوان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ رات کو ہی نوٹس ملا ہے تیاری کے لیے مہلت دی جائے جس طرح عابد قائم خانی نے پڑھ کر بیان دیا ہے مجھے اجازت دی جائے۔ ڈاکٹر رضوان کے بیان پر وکیل صفائی عامر منسوب نے اعتراض اٹھا دیا۔ وکیل نے کہا کہ آپ پڑھے لکھے ہیں، ڈاکٹر ہیں آپ پڑھ کر بیان بیان کیوں دیں گے، یہ قانون کے منافی ہے۔
عدالت نے عامر منسوب کے اعتراض کو تسلیم کر لیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ڈاکٹر رضوان کو تیاری کر کے آنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 2 دسمبر تک کے لیے ملتوی کر دی۔