کھیل

پاکستان 2025 میں چیمپئنز  ٹرافی کی میزبانی کرے گا

پاکستان کو 29 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایونٹ کی میزبانی مل گئی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اگلے 8 ایونٹس کے میزبان ممالک کا اعلان کردیا جس کے مطابق پاکستان 2025 میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کے مطابق ایونٹ کے میچز پاکستان کے تین شہروں میں ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے میچز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہوں البتہ راولپنڈی میں میچز کے انعقاد کا حتمی فیصلہ موسم کی صورتحال دیکھ کر کیے جانے کا امکان ہے۔

پاکستان نے آخری مرتبہ 1996 میں آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کی تھی اور اس وقت 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے کچھ میچز پاکستان میں ہوئے تھے۔ 2008 کی چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہونا تھی مگر حالات کی وجہ سے جنوبی افریقا منتقل ہوگئی تھی۔

آئی سی سی کے اعلان کے مطابق بھارت 2024 سے 2031 کے دوران تین آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کرے گا۔ 2024کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ امریکا  اور  ویسٹ انڈیز میں ہوگا۔ 2026 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت اور سری لنکا کریں گے۔ 2027 میں جنوبی افریقا، زمبابوے، نمیبیا ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے۔

2028کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہوگا جبکہ بھارت 2029 کی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی بھی کرے گا۔ پاکستان کو 2025 چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی مل گئی۔

پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ نے خبر پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ایونٹ پاکستان کے تین شہروں میں ہوگا، آٹھ ٹیمی ایکشن میں ہوں گی، مجموعی طور پر 15 میچز کھیلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز  ٹرافی 2025 کے ذریعے دنیا کو باور کروائیں گے کہ ہم کتنے عظیم میزبان ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button