این سی او سی: 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کو سائنو ویک اور سائنو فارم لگانے کی منظوری
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کوسائنو ویک اورسائنو فارم لگانے کی منظوری دے دی ، بچوں کی ویکسی نیشن 15نومبرسے شروع ہوگی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملک میں 12سال سے زائد عمر کے بچوں کو سائنو ویک اورسائنو فارم لگانے کی منظوری دے دی ہے، منظوری این سی او سی ہیلتھ ایکسپرٹ کمیٹی نے دی ، بچوں کی ویکسی نیشن 15نومبرسے شروع ہوگی، 12سال سے زائد کے بچوں کو فائزر لگانے کی منظوری پہلے ہی دی جاچکی ہے۔
اس سے قبل نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ الحمداللہ 12 سے 18 سال عمر کے 50 فیصد طالب علموں کو کورونا ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگادی گئی جس کے بعد ملک بھر میں کورونا ویکسین لگوانے والے طالب علموں کی تعداد 55 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین لگوانے میں گلگت بلتستان 68 فیصد طالب علموں کے ساتھ پہلے اور پنجاب 62 فیصد طالب علموں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔