شنیرا اکرم کے خواب کو تعبیر نا مل سکی، آسٹریلیا پاکستان کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: قومی کرکٹ کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم بہت زیادہ خوشی نصیب نا ہو سکی کیونکہ ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے فخرزمان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 176 رنز بنائے تاہم آسٹریلیا نے یہ ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں پورا کر لیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے کپتان ایرون فنچ اور ڈیوڈ واررنر نے اننگز کا آغاز کیا، شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں فنچ کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیج دیا تاہم ڈیوڈ وارنر نے ذمہ داری سے بیٹگ جاری رکھی۔
پورے ٹورنامنٹ میں آف کلر دکھائی دینے والے شاداب خان نے آسٹریلیا کے خلاف اپنی بولنگ کا جادو جگاتے ہوئے 4 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ مچل مارش 28، اسٹیون اسمتھ 5، ڈیوڈ وارنر 49 اور گلین میکسول 7 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کا شکار بنے۔
تاہم میتھیو ویڈ اور مارکس سٹوئنس نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا، میتھیو نے 17 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ مارکس نے 30 گیندیں کھیل کر 40 رنز بنائے۔
اس سے قبل آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز مستحکم انداز میں کیا اور پاور پلے کے 6 اوورز میں وکٹ گنوائے بغیر 47 رنز بنائے اور ٹیم کو 71 رنز کا آغاز فراہم کیا۔
بابراعظم 39 رنز بنانے کےبعد آؤٹ ہوئے تاہم محمد رضوان نے ایونٹ میں اپنی تیسری نصف سنچری مکمل کی وہ 67 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ فخرزمان نے 32 گیندوں پر 55 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 2 ، ایڈم زمپا اور پیٹ کمنز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسری جانب محمد رضوان نے بھی رواں سال ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنے ایک ہزار رنز مکمل کرکے تاریخ رقم کی۔
خیال رہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر وسیم اکرم کی آسٹریلوی نژاد اہلیہ شنیرا اکرم کا اپنے ایک سوشل میڈیا پیغام میں کہنا تھا کہ پاکستان آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی کا سیمی فائنل جیتا تو بہت خوشی ہو گی، آسٹریلیا جیتا تو بھی خوشی ہو گی، ”پاکستانی کرکٹ کی دیوانی قوم ہے۔”
My answer is I'd love PAK to win because nothing would make me happier than to see the cricket fanatic country I have grown to love go the distance. Lifting the #t20WorldCup would be a dream come true for Pakistan! But if Australia win, Ofcourse I'd be really happy too #PAKvAUS
— Shaniera Akram (@iamShaniera) November 11, 2021
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ٹرافی تھامنا خواب کی تعبیر ہو گی، ٹی ٹوئنٹی جیسے پلیٹ فارم پر پاکستان کا خود کو منوانا زبردست بات ہو گی، دنیا کے مختلف ممالک میں رہائش پذیر دو سو ملین سے زائد پاکستانی میری بات سے اتفاق کریں گے، میچ کا نتیجہ کچھ بھی نکلے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان زبردست مقابلے کی توقع ہے۔