چترال: گرلز ڈگری کالج دنین روڈ پر کام شروع ہوگیا
چترال میں گرلز ڈگری کالج دنین روڈ پر تارکول کا کام شروع ہو گیا جس سے طالبات سمیت علاقے کی عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اس سڑک میں اس سے پہلے گہرے کھڈے ہونے کی وجہ سے نہ صرف علاقے کے عوام کو بلکہ ڈگری کالج جانے والے طالبات کو بھی نہایت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ سڑک کے بیچ میں گہرے کھڈوں کی وجہ سے صاف موسم میں مسافر جھٹکوں سے نالاں تھے جبکہ بارش اور برف باری کی صورت میں یہاں پانی کھڑا ہوکر راہ گزر کیلئے تکلیف کا باعث بنتا تھا۔اب نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے اس سڑک کی پحتگی کا کام شروع کروایا ہے جس سے علاقے کے لوگ نہایت خوش ہیں۔
اسی سڑک کے کنارے ایک دکاندار ضیاء الدین نے کہا کہ اس سڑک کی حالت نہایت خراب تھی اس میں گہرے گھڑوں کی وجہ سے مریض کا اس سڑک پر گزرنا بہت خطرناک تھا جب بارش ہوتی تھی تو سڑک کے بیچ میں پانی کھڑا ہونے سے کالج کے طالبات کو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا اب چونکہ این ایچ اے اس سڑک کو بنارہے ہیں ہم بہت خوش ہیں اور این کے بی کمپنی بھی نہایت اچھا اور معیاری کام کررہی ہے۔ سید جمال الدین شاہ کا اسی سڑک کے کنارے طالبات کیلئے ایک ہاسٹل ہے ان کا کہنا ہے کہ اس سڑک پر پہلے گزرنا نہایت مشکل تھا اور اب چونکہ سڑک پر تارکول کا کام شروع ہوا تو ہم بہت خوش ہیں اب اس سڑک پر سینکڑوں طالبات بھی آسانی سے گزر یں گی اور ہم اس کام سے بہت مطمئن ہیں۔
سونیا بی بی ڈگری کالج کی طالبہ ہے اور اسی سڑک کے کنارے ایک ہاسٹل میں رہائش پذیر ہے ان کا کہنا ہے کہ پہلے جب ہم کالج جاتے تھے تو مٹی اور دھول کی وجہ سے کپڑے میلے ہوتے اگر بارش ہوتی تھی تو یہاں پانی کھڑا ہونے سے ہمارے کپڑوں پر پانی کی چھینٹے گرنے سے کپڑے گندے ہوتے تھے اب اس سڑک کی تعمیر کا کام شروع ہوا تو ہم بہت خوش ہیں اور اب ہم آسانی سے کالج پہنچا کریں گی۔
تعمیراتی کمپنی کے پراجیکٹ منیجر امیر زادہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ مقدار اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو اور ہم نہایت معیاری کام کرکے عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں تاکہ لوگوں کو ہم سہولت فراہم کرے اور ان کی مشکلات میں کمی لاسکے۔ اس سڑک کی تعمیر سے چترال کے مین بازار اور بائی پاس روڈ پر ستر فی صد رش کم ہوگا کیونکہ ضلع اپر چترال اور بالائی علاقوں کی گاڑیاں بازار سے باہر دنین سڑک پر گزریں گے اور بازار میں رش کم ہونے کی وجہ سے حادثات کی شرح میں بھی کمی آئے گی۔